”درِ نجات” کی عمیرہ احمد اور اے آر وائی!!!

0
13
کامل احمر

ناصر ادیب (مولا جٹ کے رائٹر) کو ہم نے ایک ولاگر کی حیثیت سے کبھی درست نہیں جانا۔ وہ ہندوستانی فلم انڈسٹری کے اداکاروں اور ہدایت کاروں کے لیے ایسی ایسی باتیں چھوڑتے ہیں، جیسے وہ خود ان کے ساتھ ہوں۔ یہ ہمارے زمانے کے رائٹر ہیں اور کہاوت ہے گاتے گاتے گویا بن جانے کی، تو ان پر لکھتے لکھتے لکھاری بننے کی کہ وہ فلم مولا جٹ سے مشہور ہوئے۔ اس دفعہ وہ ولاگ پر آئے اور خوبصورت بات کہہ گئے فلموں اور ڈراموں کی لکھائی اور فلمانے کے لحاظ سے کہ سنسر کا ہونا ضروری لگتا ہے۔ ہمارے نئے ہدایت کار اتنے ناتجربہ کار ہیں اور سوسائٹی کو بگاڑنے کا کام گھروں میں جا جا کر ڈرامہ سیریل کے ذریعے کرتے ہیں اور یہاں ناصر ادیب کی بات درست لگتی ہے کہ سوسائٹی میں جو کچھ ہو رہا ہے وہ دکھانے کے لیے نہیں ہوتا۔ ہمارا بھی ایسا ہی کہنا ہے اور پرانی فلموں سے یہ ہی سبق ملتا ہے کہ ہر بات اسکرین پر ویسی کی ویسی نہیں ڈالی جاتی۔ تاہم، اس میں پروڈیوسر کا بھی ہاتھ ہے جو ڈائریکٹر کے سر پر سوار ہوتا ہے کہ کس طرح ریٹنگ بڑھائی جائے اور اس ریٹنگ کی دوڑ میں ہم اپنے مذہب اور تہذیب سے دور ہوتے جاتے ہیں۔
کبھی کبھی ہم میڈیا پر چلنے والے ان ڈرامہ سیریل کی بات کر لیتے ہیں جنہیں ہماری نوجوان نسل اور بزرگ خواتین پسند کرتی ہیں۔ مرد حضرات انہیں پسند نہیں کرتے اور ان کا کہنا ہوتا ہے کہ سب بے کار ہے، تو ہمارا سوال ہوتا ہے کہ پھر آپ خود کو خوش کیسے رکھتے ہیں۔ زندگی میں انتظار ضروری ہے کسی سے ملنے کا، کسی کے آنے کا، کسی کو بلا کر باتیں کرنے کا۔ اس کے ساتھ ساتھ یہ بھی بے حد ضروری ہے کہ نوجوان لڑکے لڑکیوں کو گھریلو محفل سجا کر ملایا جائے تاکہ وہ ایک دوسرے کو پہچانیں، لیکن یہ سب اب انٹرنیٹ کی زنجیر میں چلا گیا ہے۔ ہمارا لوگوں کو مشورہ رہا ہے کہ وقت بدلا ہے اور اب وہ بڑی بوڑھیاں نہیں رہیں جو بچوں کی شادیاں لگواتی تھیں۔ آج کا بہترین ذریعہ انٹرنیٹ ہے، جس کے تحت ہمارے جاننے والوں کے بچوں کی کئی شادیاں ہوئی ہیں اور وہ خوبصورتی سے کامیاب جا رہی ہیں۔ اس طرح شادی لگانے والے اس سے بھی بچ جاتے ہیں کہ لڑکے یا لڑکی سے اس کی تعلیم، عمر، خاندان، والدین اور بھائی بہنوں کے علاوہ ان کی رہائش کا بھی پوچھیں۔
اب آتے ہیں پاکستانی ڈرامہ سیریل پر، جہاں کبھی کبھی نہایت ہی اچھی اور خوبصورت کہانیاں ملتی ہیں اور حقیقت کے قریب ہوتی ہیں، جہاں وہ کچھ ہوتا ہے جو معاشرے میں ہو رہا ہے۔ عرصے بعد ایک ایسا ہی سیریل دیکھ رہے ہیں جس میں ماحول کی خرابیاں اور نوجوان نسل کی بے ہودگیاں دکھائی گئی ہیں۔ امیر والدین کی بچوں پر غیر متوجہی اور لڑکیوں کے نخرے کہ وہ تھکی ہوئی گھر آئیں تو ماں پانی کا گلاس لے کر دوڑے اور باپ سخت ہو تو ماں چھپائے۔ یہ سیریل ہے جس کا نام درِ نجات ہے، جسے لکھنے والی کہنہ مشق لکھاری عمیرہ احمد ہیں۔ انہوں نے بڑی مہارت سے کوزے میں دریا بند کیا ہے اور چونکہ ہم خود لکھاری ہیں، اس لیے کس کس بات کی تعریف کریں۔
درِ نجات کی کہانی اور اس میں جو اہم کردار ہیں وہ سب اپنا اثر چھوڑتے ہیں جب جب اسکرین پر آتے ہیں۔ زریاب حبیب کا یہ اہم کردار درفشاں نے اس خوبصورتی اور بے باکی سے (ہدایت کار سے آگے بڑھ کر) نبھایا ہے کہ آج کے دور میں بھارت ہو یا پاکستان، اس کی مثال نہیں ملتی۔ اس کے مقابلے میں ابوبکر کا کردار شہریار منور نے ادا کر کے ڈرامے کو ایک نئی جہت دی ہے اور پوری سیریل میں جان ڈال دی ہے۔ ایک طرف وہ فرمانبردار بیٹا ہے تو دوسری طرف محبوب اور معاشرے کا اہم کردار ہے، جس کا تعلق مذہب سے جڑا فریب ہے، جس پر وہ عمل کر رہا ہے اور قرآن پڑھ رہا ہے کہ دیکھنے والے کو بہت بھلا لگتا ہے، پھر جس جگہ اذان سنائی گئی ہے وہ بھی قابلِ ذکر ہے۔ یہ ہدایت کار کی قابلیت ہے کہ اس نے نوجوانوں میں اس کا تاثر چھوڑا ہے۔ تیسرا اہم کردار ضامن حسین کا ہے جو زریاب کے بچپن کا دوست ہے اور محبوب بھی، لیکن پھر مولوی کی قربت میں آ کر مسلمان بنتا ہے، تاہم اپنی فطرت نہیں بدلتا۔ بیلا کا کردار جو سحر ہاشمی نے ادا کیا ہے، شروع سے آخر تک ابوبکر کی ماں بنی ہیں اور اسے خوش بخت کا روپ دیا ہے۔ ایک منجھی ہوئی اداکارہ ثانیہ سعید بھی ہیں، جو ہر منظر میں آ کر ابوبکر کے مقابلے میں ماں کا خوبصورت چہرہ دکھاتی ہیں۔ پھر کشور جہاں کا کردار ہے، جو صبا حمید نے بے حد پرکشش بنایا ہے۔
ڈرامہ سیریل درِ نجات کی شہرت سوشل میڈیا کے ذریعے جب بھارت پہنچی تو پاکستان سے زیادہ لوگ (ہندو اور مسلم) تقریباً 30 سے 35 کروڑ اسے دیکھ رہے ہیں، جنہیں ہر ہفتے اس کا انتظار رہتا ہے۔ وہاں کے بڑے بڑے اداکاروں اور ہدایت کاروں نے اس کی تعریف میں بہت کچھ لکھا ہے کہ اگر ہم یہاں حوالہ دیں تو 10 صفحات درکار ہوں گے۔ بس اتنا بتاتے چلیں کہ عامر خان ایسے بالی وڈ کا لباس پہنانے کے لیے دوسرے فنکاروں سے بات چیت کر رہے ہیں۔ سب سے پہلے فلم اسٹار کاجل نے ٹک ٹاک پر اپنے خیالات کا اظہار کیا تھا اور دوسری ہیما مالنی تھیں۔
ہمیں ایسی کہانیوں پر بنے سیریل کی اشد ضرورت ہے؛ بس شروع کی دو قسطوں میں ذرا سے زیادہ زریاب نے کھل کر اداکاری کی ہے، لیکن یہ شاید نوجوان نسل، جسے ہم نئی نسل کہہ سکتے ہیں، کی دلچسپی کے لیے تھا۔ عمیرہ احمد کے سیریل پر مجموعی طور پر لکھنا سورج کو چراغ دکھانے کے مترادف ہے کہ یہ اس دور کی ہیں اور اس دور میں جو کچھ ہو رہا ہے وہ سامنے رکھ دیا ہے۔ ان کے اور بھی ڈرامے ہیں جو سب سوشل میڈیا پر ہیں۔ ایک اور سیریل رتبہ کے نام سے اے آر وائی دکھا رہا ہے، جو محبت، کرپشن اور معاشرے میں گھسی اونچے ماحول کی کہانی ہے۔ اس میں ایک نوجوان جو پولیس میں اعلیٰ عہدے پر ہے، مہوش حیات (جو ایک بااثر شخص کی بیوی ہیں) کے ہاتھوں کرپٹ ہوتا ہے اور اس میں تھوڑی بے باکی دکھائی گئی ہے، جبکہ مہوش حیات کا انتخاب خوب ہے کہ یقین آتا ہے جو کچھ دکھایا گیا ہے، اور یہ سیریل جاری ہے۔
دوسرے سیریلز میں گل بہار ایک نفسیاتی سیریل ہے جو پسند آئے گا، البتہ مٹی دے باوے کو ہدایت کار اور فوٹوگرافر نے اتنا کمزور کر دیا ہے کہ دو اچھے کردار، ماہرہ خان اور وہاج علی، کوئی اثر نہیں چھوڑ رہے۔ اسی کے ساتھ حرمت سیریل بھی جاری ہے، جس کی ہیروئن ناز نخرے دکھاتی ہے، خوبصورت ہے اور مالدار سے مالدار شخص کی تلاش میں ہے، اور یہ سلسلہ ابھی جاری ہے۔
ہمیں خوشی ہو رہی ہے اور فخر بھی کہ عمیرہ احمد نے خود کو منوا لیا ہے اور انہی سے امید ہے کہ ان کے سیریل سے ہمارے ماحول میں نوجوان لڑکے اور لڑکیوں کے علاوہ ان کے مغرور والدین پر بھی اثر پڑے گا۔ ممکن ہے کہ وہ اسلام کی طرف لوٹیں، ممکن ہے کہ وہ خود کو اچھا انسان بنا لیں، کیونکہ تحریر اور سینما میں جو کردار آج سوشل میڈیا ادا کر رہا ہے، اس سے سبق لینا چاہیے۔ محبوب خان، ایم صادق، گرو دت، بمل رائے اور ستیہ جیت رائے یہ کام کر کے جا چکے ہیں، جو آج اے آر وائی کے تحت عمیرہ احمد کر رہی ہیں۔ خدا کرے زورِ قلم اور زیادہ!

 

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here