نو منتخب اراکین سے پاکستانی و مسلمان کمیونٹی کی توقعات!!!

0
12

نو منتخب اراکین
سے پاکستانی و مسلمان کمیونٹی کی توقعات!!!

امریکی سیاست میں نومبر 2026 کے وسط مدتی انتخابات کے بعد ایک نیا منظرنامہ ابھر کر سامنے آیا ہے۔ اگلے سال یعنی جنوری 2027 میں نئی امریکی کانگریس اپنا کام سنبھالنے جا رہی ہے۔ اس نئی صورتحال پر امریکی صحافتی حلقوں میں خاصی بحث ہو رہی ہے اور سیاسی مبصرین ڈیموکریٹک پارٹی کی آئندہ حکمت عملی اور درپیش چیلنجز کا گہرائی سے جائزہ لے رہے ہیں۔ نیویارک میں سیاسی و سماجی شخصیات سے قریبی تعلقات کی بناء پر پاکستانی و مسلمان کمیونٹی کے مسائل کو قریب سے دیکھنے کے ناطے یہ ضروری ہے کہ ہم اس سیاسی تبدیلی کا جائزہ اپنی برادری کے مفادات کے تناظر میں لیں۔
حالیہ انتخابات میں ڈیموکریٹس کو جو کامیابی ملی ہے، خاص طور پر ٹیکساس جیسی ریاست میں تبدیلی، وہ اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ عوام اب پرانی روش سے تنگ آ چکے ہیں۔ تاہم نئی کانگریس کے سامنے سب سے بڑا امتحان ترجیحات کا درست تعین ہے۔ اگر ڈیموکریٹک اراکین نے آتے ہی صدر ٹرمپ اور ان کی انتظامیہ کے خلاف محض سیاسی انتقام یا شور شرابے والی تحقیقات کو اپنا اولین مقصد بنا لیا تو یہ 2028 کے صدارتی انتخابات کے لیے نقصان دہ ثابت ہو سکتا ہے۔ عوام روایتی سیاسی کھیل تماشوں کے بجائے اپنے روزمرہ مسائل کا فوری اور عملی حل چاہتے ہیں۔
اگر ہم نیویارک اور دیگر امریکی ریاستوں میں آباد پاکستانی نڑاد امریکیوں اور مسلمان کمیونٹی کی بات کریں تو ان کے تحفظات بھی براہ راست عوامی فلاح و بہبود سے جڑے ہوئے ہیں۔ مہنگائی، علاج معالجے کے بڑھتے ہوئے اخراجات، سستے گھروں کی عدم دستیابی اور بچوں کی معیاری تعلیم وہ بنیادی مسائل ہیں جن کا سامنا ہر محنت کش خاندان کو ہے۔ ایوان نمائندگان کے اسپیکر حکیم جیفریز اور ان کی جماعت کو چاہیے کہ وہ سب سے پہلے عوامی نوعیت کے مسودہ قوانین منظور کریں، جن میں سب کے لیے صحت کی سہولت، ادویات کی قیمتوں میں کمی، کم عمر بچوں کی مفت ابتدائی تعلیم اور سستی رہائش کے منصوبے شامل ہیں۔یہ بات درست ہے کہ ریپبلکن اکثریتی سینیٹ یا صدر کے مسترد کرنے کے اختیار کی وجہ سے شاید یہ تمام قوانین فوری طور پر نافذ نہ ہو سکیں، لیکن ایوان سے ان کی منظوری عوام کو یہ واضح پیغام دے گی کہ ان کے نمائندے ان کے دکھ درد کا احساس رکھتے ہیں۔ ہمارے پاکستانی اور مسلمان کاروباری حضرات اور ملازمت پیشہ افراد کے لیے معاشی استحکام اور صحت کی معیاری سہولیات اولین ترجیح ہیں۔ اس کے علاوہ مصنوعی ذہانت کے بڑے مراکز کے لیے ضوابط بنانا اور بڑی ٹیکنالوجی کمپنیوں کو ٹیکس کے دائرے میں لانا بھی وقت کی اہم ضرورت ہے تاکہ عام شہریوں پر ٹیکسوں کا بوجھ کم ہو سکے۔
جہاں تک خارجہ پالیسی اور جنگوں کے خاتمے کا تعلق ہے، جاری جنگوں کے لیے مالی وسائل روکنے کی بات بھی شدومد سے کی جا رہی ہے۔ یہ نکتہ مسلمان امریکیوں کے لیے خصوصی اہمیت رکھتا ہے جو مشرق وسطی اور دنیا کے دیگر خطوں میں جاری تنازعات اور انسانی المیوں پر شدید تشویش رکھتے ہیں۔ امریکی ٹیکس دہندگان کا پیسہ غیر ضروری جنگوں پر خرچ کرنے کے بجائے ملک کے اندر عوام کی فلاح و بہبود پر خرچ ہونا چاہیے۔ اگر کانگریس اس سمت میں ٹھوس قدم اٹھاتی ہے تو اس سے اقلیتی برادریوں کا نظام پر اعتماد بحال ہوگا۔
دوسری جانب احتساب اور تحقیقات کا معاملہ بھی کسی طور نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔ موجودہ انتظامیہ کے مبینہ مالی معاملات، ڈیجیٹل کرنسی سے حاصل ہونے والے اربوں ڈالر، غیر ملکی معاہدوں اور ایپسٹین سے جڑی دستاویزات کی مکمل تحقیقات ضرور ہونی چاہئیں، لیکن یہ کام غیر ضروری شور شرابے کے بغیر اور خاموشی سے ہونا چاہیے۔ نگران کمیٹیوں کو چاہیے کہ وہ ٹھوس شواہد اکٹھے کریں اور عوامی مفاد کے کاموں کو متاثر کیے بغیر قانون کے مطابق آگے بڑھیں۔ اگر عوام کو یہ محسوس ہوا کہ کانگریس صرف سیاسی مفادات کے لیے وقت ضائع کر رہی ہے تو 2028 میں متوقع بڑی تبدیلی کا خواب ادھورا رہ سکتا ہے۔
بطور ایک صحافی اور کمیونٹی کے ایک ذمہ دار فرد کے، میں سمجھتا ہوں کہ یہ وقت جذباتی نعروں کے بجائے ٹھوس اور عملی اقدامات کا ہے۔ پاکستانی اور مسلمان کمیونٹی کو بھی چاہیے کہ وہ اپنے مقامی نمائندوں سے مسلسل رابطے میں رہیں اور ان پر دباؤ ڈالیں کہ وہ صحت، تعلیم، معیشت اور منصفانہ خارجہ پالیسی پر بھرپور توجہ دیں۔ 2026 کے انتخابات نے ایک دروازہ ضرور کھولا ہے، مگر اصل کامیابی تبھی ممکن ہوگی جب واشنگٹن کے ایوانوں میں بیٹھے لوگ عام آدمی کی زندگی میں حقیقی آسانی پیدا کرنے کو اپنا اولین نصب العین بنائیں گے۔
٭٭٭

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here