کیا آپ نے کبھی سڑک کے ہجوم میں اکیلے چلتے ہوئے، کسی اندھیرے راستے پر گاڑی چلاتے ہوئے، یا آرام کرنے کے لیے اپنے کمرے کا دروازہ بند کرتے ہوئے یہ سوچا ہے کہ آپ تنہا ہیں؟ آپ نہ سڑک پر اکیلے ہیں، نہ بازار میں، اور نہ ہی اپنی گاڑی میں تنہا ہوتے ہیں۔ آپ کے ساتھ ایسے محافظ فرشتے ہوتے ہیں جو وہ کچھ دیکھتے ہیں جو آپ نہیں دیکھ پاتے؛ وہ آپ سے اس پتھر کو ہٹا دیتے ہیں جو آپ پر گرنے والا ہوتا ہے، اس گاڑی کو ٹال دیتے ہیں جو آپ سے ٹکرانے والی ہوتی ہے، یا نظرِ بد، حسد اور جادو کے اثرات کو دفع کرتے ہیں اور آپ کو اس کا علم اور احساس تک نہیں ہوتا۔ ہم اکثر اس پوشیدہ لشکر کے بارے میں سوچتے رہتے ہیں، تو اس کا عظیم قرآنی جواب یوں آتا ہے، جس کا مفہوم یہ ہے کہ اس انسان کے لیے آگے اور پیچھے باری باری آنیوالے محافظ فرشتے مقرر ہیں جو اللہ کے حکم سے اس کی حفاظت کرتے ہیں۔ انہیں معقبات یعنی باری باری آنیوالے کیوں کہا گیا؟ اور اس کے آگے اور پیچھے سے کا کیا مطلب ہے؟ معقبات وہ فرشتے ہیں جو آپ پر باری باری مقرر رہتے ہیں؛ ایک جماعت رات کو اور ایک جماعت دن کو آتی ہے، اور وہ ذرا برابر غفلت نہیں برتتے۔ حضرت عبداللہ بن عباس رضی اللہ عنہما سے روایت ہے کہ آپ پر 10 محافظ فرشتے مقرر کیے گئے ہیں: ایک فرشتہ آپ کے آگے، ایک فرشتہ پیچھے، ایک فرشتہ دائیں جانب، ایک فرشتہ بائیں جانب، 2 فرشتے جو نیکیاں اور برائیاں لکھتے ہیں، اور 2 فرشتے جو آپ کو ہر اس نقصان سے بچاتے ہیں جو اللہ نے آپ کے مقدر میں نہیں لکھا۔ یہی وہ فرشتے ہیں جو اللہ کے حکم سے آپ کے آگے اور پیچھے سے آپ کی حفاظت کرتے ہیں۔
یہ پہرہ داری مسلسل جاری رہتی ہے اور کبھی نہیں رکتی، جس کی تصدیق اللہ تعالیٰ کے اس فرمان سے ہوتی ہے ”یعنی کوئی جان ایسی نہیں جس پر کوئی نگہبان مقرر نہ ہو”۔
یہ فرشتے آپ کے ہر قدم پر آپ کے ساتھ رہتے ہیں اور آپ کی حفاظت کرتے ہیں، جیسا کہ ارشادِ باری تعالیٰ ہے؛یعنی وہ تم پر نگہبان فرشتے بھیجتا رہتا ہے، یہاں تک کہ جب تم میں سے کسی کی موت آ پہنچتی ہے تو ہمارے بھیجے ہوئے فرشتے اس کی روح قبض کر لیتے ہیں۔ چنانچہ یہ محافظ فرشتے موت سے پہلے آخری لمحے تک آپ کے ساتھ رہتے ہیں، اور جب موت کا مقررہ وقت آ جاتا ہے تو وہ آپ سے الگ ہو جاتے ہیں۔ تاہم، سوال یہ ہے کہ کیا یہ لشکر ہمیشہ اسی قوت کے ساتھ آپ کے اردگرد رہتا ہے؟ یہاں سب سے اہم راز آپ کے اپنے طرزِ عمل میں پوشیدہ ہے۔ اگر آپ اللہ کی اطاعت اور اس کے ذکر سے دور ہو جائیں، تو یہ محافظ فرشتے ہمیشہ آپ کے ساتھ نہیں رہتے۔ فرشتوں کو ان چیزوں سے تکلیف ہوتی ہے جن سے انسانوں کو تکلیف ہوتی ہے؛ چنانچہ جب آپ غصے، چیخ و پکار یا شور شرابے کے ساتھ اپنے گھر میں داخل ہوتے ہیں یا بسم اللہ کے بغیر، یا بغیر وضو اور اذکار کے رہتے ہیں، تو فرشتے دور ہو جاتے ہیں اور آپ حفاظت سے محروم رہ جاتے ہیں۔ اس صورتحال کے پیشِ نظر، آپ کیسے اس بات کو یقینی بنائیں کہ فرشتے ہر وقت آپ کی بیداری اور نیند میں، اور گھر سے نکلنے اور داخل ہونے کے وقت آپ کی حفاظت کریں؟ فرشتوں کی دائمی حفاظت اور امان پانے کے 4 نبوی نسخے درج ذیل ہیں۔ پہلا یہ کہ وضو آپ کا مستقل ہتھیار ہے، کیونکہ جسم کی پاکیزگی شیاطین کو بھگاتی ہے اور نورانی حفاظت کو اپنی طرف کھینچتی ہے۔ دوسرا یہ کہ صبح و شام کے اذکار کا اہتمام کیا جائے؛ جو شخص سچے دل سے صبح و شام کے اذکار پڑھتا ہے، وہ شام ہونے تک اور صبح ہونے تک محافظ فرشتوں کی پناہ میں رہتا ہے، جیسا کہ مومن کے تحفظ کے بارے میں اللہ تعالیٰ کا ارشاد ہے: یعنی اور ہر سرکش شیطان سے محفوظ رکھنے کے لیے، جہاں اللہ کی خاص عنایت ہر شیطان کے مقابلے میں ایک مضبوط ڈھال بن جاتی ہے۔
تیسرا یہ کہ گھر سے نکلتے اور داخل ہوتے وقت اللہ کا ذکر کیا جائے؛ جب آپ دروازے کی دہلیز پر قدم رکھیں اور پختہ یقین کے ساتھ کہیں: جس کا مطلب ہے اللہ کے نام کے ساتھ، میں نے اللہ پر بھروسہ کیا، تو فرشتے فوراً آپ کو پکار کر کہتے ہیں: یعنی تجھے ہدایت دے دی گئی، تیری کفایت کر دی گئی اور تجھے بچا لیا گیا، اور شیاطین آپ سے دور ہٹ جاتے ہیں۔
چوتھا یہ کہ سونے سے پہلے آیت الکرسی پڑھی جائے؛ جو شخص سونے سے پہلے آیت الکرسی پڑھ لیتا ہے، تو صبح ہونے تک اللہ تعالیٰ کی طرف سے اس پر ایک محافظ فرشتہ مقرر رہتا ہے۔ آج ہم اپنے بچوں کے بارے میں شدید خوفزدہ رہتے ہیں، دروازوں پر تالے لگاتے ہیں اور کیمرے نصب کرتے ہیں؛ یہ تدابیر بھی اپنی جگہ درست ہیں لیکن ہم یہ بھول جاتے ہیں کہ حقیقی محافظ صرف اللہ تعالیٰ ہے۔ حضرت یعقوب علیہ السلام نے توکل کی عظیم ترین مثال قائم کی جب انہوں نے فرمایا: ، جس کا ترجمہ ہے پس اللہ ہی سب سے بہتر محافظ ہے، اور وہ سب رحم کرنے والوں سے بڑھ کر رحم کرنے والا ہے۔ پس اللہ ہر پہرے دار سے بہتر محافظ اور ہر تالے سے بہتر روکنے والا ہے۔ تم اللہ تعالیٰ کے احکام کی حفاظت کرو، اللہ تعالیٰ تمہاری حفاظت کرے گا؛ تم اس کے ذکر کو تھامے رکھو، وہ اپنے فرشتوں کے ذریعے تمہاری حفاظت کرے گا، اور جو شخص اس کے ذکر کو بھلا دیتا ہے، اللہ تعالیٰ اسے اس کی تنہائی اور غفلت کے حوالے کر دیتا ہے۔ آخر میں دعا ہے کہ اے اللہ، ہماری حفاظت فرما ہمارے آگے سے، ہمارے پیچھے سے، ہمارے دائیں سے، ہمارے بائیں سے اور ہمارے اوپر سے، اور ہم تیری عظمت کی پناہ مانگتے ہیں اس بات سے کہ ہم اپنے نیچے سے اچانک ہلاک کیے جائیں۔ آمین یا رب العالمین۔
















