امریکہ میرے آگے!!!

0
6
ڈاکٹر مقصود جعفری
ڈاکٹر مقصود جعفری

اقبال کھوکھر صاحب پاکستانی ہیں جو سالہا سال سے نیویارک میں مقیم ہیں۔ اْن کا جسم امریکہ میں اور روح پاکستان میں ہے۔ آپ نامور صحافی، کالم نگار اور سماجی و ادبی شخصیّت ہیں۔ آج سے چند سال قبل اْن کے کالموں کی کتاب ”امریکہ میرے آگے ” شائع ہوئی تھی، جس میں پاکستان کے نامور سیاست دانوں، دانشوروں، شاعروں اور حکمرانوں کے انٹرویوز اور ادبی، سماجی اور سیاسی کالم شامل ہیں۔ میں نے اْن کی فرمائش پر اس کا دیباچہ لکھا تھا جو بعد میں میرے کالموں کی کتاب ادبی تبصرے میں شامل ہے۔ مجھے یہ بھی اعزاز حاصل ہے کہ نیویارک میں اس کتاب کی تقریبِ رْونمائی کی صدارت قرعہ فال بنامِ منِ دیوانہ زدند والا معاملہ ہوا۔
مرزا غالب نے کہا تھا!
بازیچہ اطفال ہے دْنیا میرے آگے
ہوتا ہے شب و روز تماشا میرے آگے
میرا خیال تھا کہ اب اْن کی نئی کتاب کا نام امریکہ میرے پیچھے ہو گا۔ مجھے پھر مرزا غالب ہی کا شعر یاد آ رہا ہے
ایماں مجھے روکے ہے جو کھینچے ہے مجھے کفر
کعبہ میرے پیچھے ہے، کلیسا میرے آگے
لیکن اقبال کھوکھر صاحب بڑے زیرک اور معاملہ فہم نکلے۔ وہ عصرِ حاضر کی سپر پاور امریکہ کو کیسے امریکہ میرے پیچھے لکھ کر آ بیل مجھے مار والی حماقت کرتے۔ لہذا اْنہوں نے بڑی دانشمندی سے اس کتاب کا عنوان امریکہ کے ساتھ ساتھ رکھا ہے۔ یہ بھی انٹرویوز اور کالمز کی کتاب ہے۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ امریکہ اْن کا ساتھ دیتا ہے یا وہ امریکہ کا ساتھ دیتے ہیں۔ شیخ سعدی نے کہا تھا، زمانہ با تو نسازد تو بہ زمانہ بساز۔ یعنی اگر زمانہ تیرا ساتھ نہیں دیتا تو تْو زمانے کا ساتھ دے، حالات کے تقاضوں کے مطابق چل اور زمانے سے ٹکر نہ لے۔ جبکہ علامہ اقبال کی بالِ جبریل کی ایک غزل کا شعر ہے!
حدیثِ بے خبراں ہے، تْو با زمانہ بساز
زمانہ با تو نسازد، تْو با زمانہ ستیز
یعنی اگر زمانہ تیرے ساتھ نبرد آزما ہے تو تْو بھی زمانے سے جنگ کر، اینٹ کا جواب پتھّر سے دے نہ کہ از خود گِلہ زیرِ خنجر رکھ دے۔
اقبال کھوکھر کمال کے معاملہ فہم انسان ہیں۔ وہ بیک وقت زمانے سے بنا کر بھی رکھتے ہیں یعنی بساز کی پالیسی پر بھی چلتے ہیں اور زمانے سے با ستیز کا بھی حوصلہ رکھتے ہیں۔ اْس کے کالموں اور انٹرویوز میں پھول کی نازکی بھی ہے اور تلوار کی تیز دھار بھی ہے۔ وہ دو آتشہ ہے، لیکن اْس کا صریرِ خامہ دلنواز بھی ہے اور دلگداز بھی۔ کبھی یہ واہ اور کبھی آہ ہے۔ اس کا مْو? قلم کبھی شعلہ اور کبھی شبنم ہے۔ وہ با ساز اور با ستیز کی دو دھاری تلوار ہے۔ اقبال کھوکھر کی صحافت، کالم نگاری اور شخصیّت پر علامہ اقبال کا یہ شعر صادق آتا ہے!
ہزار خوف ہو لیکن زباں ہو دل کی رفیق
یہی رہا ہے ازل سے قلندروں کا طریق

 

 

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here