برداشت اور رواداری، پُرامن دنیا کی ضرورت!!!

0
5

دنیا کی تاریخ گواہ ہے کہ تہذیبوں کی تعمیر محبت، احترام اور باہمی برداشت سے ہوتی ہے جبکہ نفرت تعصب اور عدم برداشت معاشروں کو انتشار اور تباہی کی طرف لے جاتے ہیں۔ آج انسان نے سائنس ٹیکنالوجی اور مواصلات کے میدان میں بے مثال ترقی کر لی ہے لیکن افسوس کہ انسانی رویوں میں برداشت اور رواداری کا فقدان بڑھتا دکھائی دیتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ دنیا ایک بار پھر امن مکالمے اور احترامِ انسانیت کی ضرورت محسوس کر رہی ہے۔ ہر سال 16نومبر کو برداشت اور رواداری کا عالمی دن منایا جاتا ہے۔ یونیسکو نے 1995میں اصولِ برداشت کا اعلامیہ منظور کیا جبکہ اقوام متحدہ نے 1996میں اس دن کو عالمی سطح پر منانے کی منظوری دی۔ اس دن کا مقصد مختلف مذاہب ثقافتوں زبانوں نسلوں اور نظریات سے تعلق رکھنے والے افراد کے درمیان احترام اور پْرامن بقائے باہمی کو فروغ دینا ہے۔
موجودہ عالمی حالات پر نظر ڈالیں تو برداشت کی اہمیت مزید واضح ہوتی ہے۔ روس اور یوکرین کی جنگ امریکہ ایران کی صورتحال سوڈان کی خانہ جنگی اور مشرق وسطیٰ کے تنازعات نے لاکھوں انسانوں کی زندگیوں کو متاثر کیا ہے۔ غزہ میں انسانی بحران تباہ شدہ بستیاں بے گھر خاندان اور بچوں کی مشکلات عالمی ضمیر کے لیے ایک بڑا سوال ہیں۔ اقوام متحدہ کے مطابق دنیا بھر میں کروڑوں افراد جنگ تشدد اور ظلم و ستم کے باعث اپنے گھروں سے محروم ہو چکے ہیں۔ یہ صورت حال بتاتی ہے کہ جب طاقت مفادات اور سیاسی ضد انسانی جانوں سے زیادہ اہم ہو جائیں تو امن کا خواب ادھورا رہ جاتا ہے۔
عدم برداشت صرف جنگوں تک محدود نہیں بلکہ امریکہ اور یورپ سمیت مختلف معاشروں میں نسل پرستی مذہبی تعصب اسلاموفوبیا اور تارکین وطن کے خلاف نفرت انگیز رویے بھی معاشرتی ہم آہنگی کے لیے خطرہ ہیں۔ سوشل میڈیا نے جہاں اظہارِ رائے کے مواقع فراہم کیے ہیں وہیں جھوٹی خبروں ،کردار کشی اور نفرت انگیز پیغامات کے ذریعے معاشرتی تقسیم کو بھی بڑھایا ہے۔ اختلافِ رائے کو دشمنی سمجھنا کسی مہذب معاشرے کی علامت نہیں ہے۔ اسلام نے انسانیت کو برداشت عدل اور احترام کا درس دیا ہے۔ قرآن مجید میں ارشاد ہے کہ ہم نے تمہیں مختلف قوموں اور قبیلوں میں پیدا کیا تاکہ تم ایک دوسرے کو پہچانو۔ اس تعلیم میں رنگ نسل اور قومیت کی بنیاد پر برتری کے بجائے انسانی شناخت اور باہمی احترام کا تصور موجود ہے۔ اسی طرح قرآن ہمیں دشمنی کے باوجود انصاف قائم رکھنے کا حکم دیتا ہے۔ رواداری کا مطلب ظلم اور ناانصافی پر خاموش رہنا نہیں بلکہ اختلاف کے باوجود انصاف دلیل اور شائستگی کا دامن تھامے رکھنا ہے۔ ہمیں اپنے گھروں تعلیمی اداروں ذرائع ابلاغ اور سماجی حلقوں میں ایسی تربیت کو فروغ دینا ہوگا جو نئی نسل کو دوسروں کے عقائد حقوق اور احساسات کا احترام سکھائے۔ برداشت کسی ایک دن کی تقریب یا رسمی پیغام کا نام نہیں بلکہ ایک مستقل انسانی رویہ ہے۔ دنیا کو آج ہتھیاروں کی دوڑ سے زیادہ مکالمے نفرت سے زیادہ محبت اور تعصب سے زیادہ انصاف کی ضرورت ہے۔ ہمیں یاد رکھنا چاہیے کہ اختلاف انسانوں کی فطرت ہے مگر اختلاف کو نفرت میں بدل دینا ہماری اجتماعی ناکامی ہے۔ ایک پْرامن دنیا اسی وقت ممکن ہے جب انسان دوسرے انسان کو سب سے پہلے انسان سمجھ کر اس کے وقار اور حقوق کا احترام کرے۔

 

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here