جب آپ کا اللہ پر کامل بھروسہ اور یقین ہو تو کامیابی آپ کا مقدر ہوا کرتی ہے۔ یہ بات مشی گن سے منتخب ہونیوالے سینیٹر پر بالکل صادق آتی ہے۔ انہوں نے اپنی فتح کے بعد کی تقریر میں کہا تھا کہ کل ہم ان شاء اللہ کہتے تھے اور آج فتح کے بعد الحمد للہ کہنا بنتا ہے۔ سینیٹر الیکٹ محمد عبدالرحمن السعید کا مقابلہ براہ راست دیوہیکل پہلوانوں اور فاشسٹوں سے تھا اور انہوں نے ڈونلڈ ٹرمپ کے ہر الزام کا جواب نہایت دھڑلے سے دیا جبکہ ہر سطح پر صدر ٹرمپ کو آڑے ہاتھوں بھی لیا۔
خود کو امن کا داعی کہنے والے شخص کا دعویٰ تھا کہ انہوں نے 8 جنگیں رکوائی ہیں، مگر اسی دوغلے شخص نے ایران پر جنگ مسلط کی۔ انہوں نے لاکھوں ٹن گولہ بارود ایران پر برسایا لیکن وہ ایران کو جھکا نہ سکے۔ ان کی گیدڑ بھبھکیاں اور مسخرہ پن پوری دنیا نے دیکھا۔ اس انتظامیہ نے غزہ کی تباہی میں اسرائیل کا کھلم کھلا ساتھ دیا۔غزہ میں بچوں کی آہ و بقا اور ایرانی اسکول پر 200 بچوں کی شہادتیں ٹرمپ انتظامیہ کی شکست کا باعث بنیں۔ ان کا بادشاہوں جیسا طرزِ سیاست اور تکبر بھی ان کی ناکامی کا سبب بنا کیونکہ بے جا اسرائیلی حمایت کو امریکی عوام نے شدید ناپسند کیا۔ انسانی حقوق کی پامالیوں نے عالمی غنڈوں کو بے نقاب کر دیا ہے اور ان کا جھوٹا پروپیگنڈا بھی ان کے کام نہ آ سکا۔
صدر ٹرمپ اپنی پارٹی کو ڈکٹیٹروں کی طرح اور خارجہ پالیسی کو غیر سنجیدہ انداز میں چلا رہے ہیں، جہاں ان کے سامنے کسی کو بولنے کی جرات نہیں اور نہ ہی میڈیا کو کھل کر بولنے کی آزادی حاصل ہے۔ ٹرمپ انتظامیہ نے لاطینی امریکہ کے ممالک اور کینیڈا سے تعلقات خراب کیے۔ انہوں نے یورپ کو ناراض کیا اور تارکینِ وطن کے ساتھ سخت رویہ اختیار کیا، جس کی وجہ سے یورپی، انڈین، ہسپانوی اور عرب ووٹرز نے ریپبلکنز کا ساتھ نہیں دیا۔امریکی صدر کا کہنا ہے کہ الیکشن میں شکست بیلٹ پر ان کی تصویر نہ ہونے کی وجہ سے ہوئی ہے اور وہ ابھی بھی عوام میں اتنے ہی مقبول ہیں۔ تاہم غیر جانبدار مبصرین کا کہنا ہے کہ اسرائیل کی بربریت کی حمایت نے آج امریکہ کو اس مقام پر لا کھڑا کیا ہے۔ خلیجی جنگ سے تیل کی قیمتیں بڑھ گئیں جس سے پوری دنیا میں مہنگائی کا طوفان آیا۔ امریکی عوام اس مہنگائی کے باعث یہ کہنے پر مجبور ہیں کہ یہ جنگ ان کی جنگ نہیں ہے اور وہ اسرائیل کو ہر سال اربوں ڈالرز کی امداد کیوں فراہم کرتے ہیں جو مسلسل انسانی حقوق پامال کر رہا ہے۔ ریپبلکنز کی شکست کی بنیادی وجہ مہنگائی ہے اور یہ مہنگائی جنگ کی مرہونِ منت ہے۔ ٹرمپ اور ریپبلکنز کی شکست کے اثرات امریکہ اور پوری دنیا میں دیکھے جا سکتے ہیں، اور آنے والے دنوں میں یورپ، مشرقِ وسطیٰ اور ایشیا میں بھی اس کے دور رس اثرات مرتب ہوں گے۔سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ آیا نائب صدر جے ڈی وینس آئندہ انتخابات میں شکست سے بچنے کے لیے صدر ٹرمپ سے فاصلہ اختیار کریں گے اور کیا وزیرِ خارجہ مارکو روبیو بھی صدر سے دوری اختیار کریں گے۔ صدر ٹرمپ کی پرو اسرائیلی پالیسی اور مہنگائی نے ریپبلکنز کا چہرہ بے نقاب کر دیا ہے۔ ایران سے جنگ اور سخت ایمیگرنٹ پالیسی نے لاطینی ووٹرز کو ریپبلکن کے خلاف کر دیا، جبکہ کسانوں نے زراعت کی تباہی کی وجہ سے اور بزنس کمیونٹی نے ٹیرف پالیسی کے باعث ریپبلکنز کے خلاف ووٹ دیا۔
چونکہ خارجہ پالیسی صدر کے دائرہ اختیار میں آتی ہے، اس لیے خارجہ پالیسی میں کوئی بڑی تبدیلی رونما نہیں ہوگی۔ البتہ 19 کھرب کے دفاعی بجٹ کی منظوری میں ڈیموکریٹس رکاوٹیں کھڑی کریں گے۔ اس سلسلے میں انکوائری اور سوالات ہوں گے جس سے صدر کو آئندہ اپنے فیصلوں میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا اور ان کی مالی وسائل پر گرفت ڈھیلی ہوگی۔ اس کے علاوہ مالی معاملات میں تحقیقات کا آغاز بھی ہو سکتا ہے، نیز وزیرِ خارجہ اور وزیرِ دفاع مستعفی بھی ہو سکتے ہیں۔
اسرائیل کی بے جا حمایت میں کمی آ سکتی ہے۔ یاد رہے کہ اسرائیل کو 4 ارب ڈالرز کے مفت اسلحے کی فراہمی 31 دسمبر سے بند ہو جائے گی۔ اسرائیل کے لیے امریکی بلینک چیک اب ختم کر دیا گیا ہے اور اب اسے امریکہ سے اسلحہ خریدنا پڑے گا، جس کی وجہ سے مشرقِ وسطیٰ میں امریکی پالیسی میں واضح تبدیلی آئے گی۔ خلیج کے حالات کے پیشِ نظر امریکی نائب صدر جے ڈی وینس، امیرِ قطر اور فیلڈ مارشل عاصم منیر سے مسلسل رابطے میں ہیں تاکہ ایران کے ساتھ جنگ بندی اور دیگر معاملات طے پا سکیں۔
عرب ممالک قطر، متحدہ عرب امارات، سعودی عرب اور بحرین کے فوجی اڈوں سے امریکی افواج کی تعداد میں کمی کی جائے گی۔ ان اڈوں پر پاکستان اپنے فوجی لا رہا ہے اور پاکستان بتدریج عرب ممالک میں اپنا اثر و رسوخ بڑھا رہا ہے۔ البتہ امریکہ کی پاکستان اور بھارت سے متعلق پالیسی میں تبدیلی آ سکتی ہے۔ ٹرمپ انتظامیہ نے خوف و ہراس پھیلا کر اپنے پاؤں پر خود کلہاڑی ماری ہے اور ان کی جارحانہ پالیسیوں کو پورے امریکہ میں ناپسند کیا گیا ہے۔
امریکی سیاست میں سوشلسٹ ڈیموکریٹس آہستہ آہستہ آگے بڑھ رہے ہیں اور ان کے نوجوان سیاست دان عوام میں جگہ بنا رہے ہیں، کیونکہ ان کا عوامی بہبود کا ایجنڈا لوگوں کو اپنی طرف متوجہ کر رہا ہے۔ ترقی پسند عبدالرحمن محمد السعید کو اخوان المسلمون اور حماس سے جوڑنے کی جھوٹی مہمات ناکام ہو گئیں۔ ٹرمپ کے پسندیدہ امیدوار راجر کو صیہونی تنظیم ایپک کی اربوں ڈالرز کی فنڈنگ بھی نہ بچا سکی۔ قبل از وقت ووٹنگ کے رجحانات نے ریپبلکنز کی شکست کو پہلے ہی عیاں کر دیا تھا۔
ٹرمپ خاندان نے ذاتی مالی فوائد حاصل کیے لیکن غزہ کے ملبے پر بلند و بالا عمارتیں تعمیر کرنے کا ان کا خواب ادھورا رہ گیا اور فلسطینیوں کی آہ و بقا انہیں لے ڈوبی۔ صدر ٹرمپ کا کہنا ہے کہ ان کی شکست کی وجہ امریکیوں کی اسرائیل سے نفرت ہے، مگر اسرائیل کی بے جا حمایت نے خود صدر ٹرمپ کو کٹہرے میں لا کھڑا کیا ہے اور اب ان کے مواخذے کی باتیں ہو رہی ہیں۔ اگر صدر ٹرمپ کا مواخذہ ہوا تو ایپسٹین فائلز، کرپٹو کرنسی اور اسلحے کی فروخت میں ٹرمپ خاندان کے مالی فوائد کے کیسز بھی کھلیں گے جن پر ڈیموکریٹس مسلسل بات کر رہے ہیں۔ دوسری جانب نائب صدر جے ڈی وینس آہستہ آہستہ ٹرمپ کی پالیسیوں پر تحفظات کا اظہار کر رہے ہیں۔ ریپبلکنز اپنے ووٹرز کو اس بات پر قائل کرنے میں ناکام رہے کہ ایران کے ساتھ جنگ ان کے مفاد میں ہے، جبکہ ڈیموکریٹس عوام کو یہ باور کرانے میں کامیاب رہے کہ ایران کے خلاف جنگ دراصل اسرائیل کی جنگ ہے۔ اب امریکہ اسرائیل کے کہنے پر جنگ میں نہیں اترے گا۔
ایران کو نرم گوشہ پیدا کرنا ہوگا اور ٹرمپ انتظامیہ کی شکست سے بھرپور فائدہ اٹھانا ہوگا، نیز ملکی استحکام کے لیے ٹرمپ مخالف اور اسرائیل مخالف لابی سے قربت بڑھانی چاہیے تاکہ علاقائی معاملات بہتر ہو سکیں۔ عرب حکمرانوں کو بھی دوسروں پر تکیہ کرنے کے بجائے اپنے دفاع کو مضبوط بنانا چاہیے تاکہ اسرائیل انہیں آسان ہدف نہ سمجھے، اور پاکستان، ترکی، مصر اور سعودی اتحاد مل کر اسرائیلی جارحیت کا مقابلہ کر سکیں۔
امریکہ خلیجی جنگ میں ناکامی سے دوچار ہو چکا ہے اور نائب صدر جے ڈی وینس خلیجی جنگ کا خاتمہ چاہتے ہیں۔ ایران کا کہنا ہے کہ اگر امریکہ نے اس پر حملہ کیا تو اس کے تمام اتحادی ممالک پر بھی حملہ کر دیا جائے گا۔ عرب ممالک ایران کو حملہ نہ کرنے کی صورت میں 30 بلین ڈالرز دینے کو تیار ہیں کیونکہ عرب یہ سمجھتے ہیں کہ امریکہ صرف اسرائیل کی نگہبانی کے لیے خطے میں موجود ہے۔اللہ رب العزت نے پاکستان کو خطے میں ایک اہم کردار عطا کیا ہے۔ پاکستان گزشتہ 2 سال میں جس مقام پر پہنچا ہے، اسے دنیا بھر میں عزت و احترام کی نگاہ سے دیکھا جا رہا ہے۔ تمام مسلم حکمرانوں کو چاہیے کہ وہ اپنے نوجوانوں کو دفاعی صلاحیتوں سے آراستہ کریں تاکہ وہ اپنے ممالک کا دفاع خود کر سکیں۔













