سوال کیا جارہا ہے کہ صدر ٹرمپ کی پارٹی کیوں ہاری؟ اس میں حیرانی کی کوئی بھی بات نہیں، بس اتنا ہے کہ اس قدر بری طرح صفایا کیوں ہوا؟ اس پر ہمیں بھی حیرانی ہے، لیکن جو حرکات صدر ٹرمپ کی تھیں، اس سے واضح تھا کہ وہ اپنی پارٹی کو ڈبونے کی دن رات کوشش کر رہے ہیں۔ شروعات مشی گن سے کی تھی کہ عبدل سعید کیخلاف بول پڑے اور پھر منہ کی کھانی پڑی، ساتھ میں ان کے نائب صدر وینس نے بھی تابڑ توڑ حملے کیے۔ اس کے بعد ری پبلکن پارٹی کے امیدوار ان کے سائے سے بھی ڈرنے لگے؛ یہاں نیویارک میں ایسا ہی ہوا۔ صدر ٹرمپ نے گورنر کے عہدے پر لڑنے والے بلیک مین کے گلے میں ہاتھ ڈالا اور گورنر کے لیے کوشش کرنیوالے بلیک مین نے خود کو ہارا ہوا جواری جان کر ہتھیار ڈال دئیے۔ بڑے فخر سے صدر ٹرمپ نے اسرائیل کی حمایت کی، جبکہ کیتھی ہوکل ایسی امیدوار نہ تھیں کہ وہ جیت جاتیں۔
ایسا پہلی بار ہوا اور نئی تاریخ لکھی گئی کہ برسر اقتدار پارٹی کا صدر خود ہی ہاتھ پاؤں چھوڑ دے، ڈیموکریٹ کی برتری ہوجائے 54فیصد ووٹوں کے مقابلے میں 44 فیصد ووٹوں سے ری پبلکن نیچے آجائیں۔ اسی طرح کانگریس کی ابتری بدتری میں تبدیل ہوجائے، گر کر ڈیموکریٹ 244سیٹوں کے مقابلے میں ری پبلکن کی 145سیٹ رہ جائیں۔ اخبارات نے پہلے صفحے پر ہی اسے بلیو سونامی کا نام دیا۔ یہ صدر ٹرمپ کی سب سے بڑی ہار تھی کہ یہی کہا جاسکتا ہے:
ہم تو ڈوبے ہیں صنم تم کو بھی لے ڈوبیں گے!
ڈیموکریٹ کی اس جیت میں ان کا کوئی کمال نہیں؛ خیال رہے صرف دو سال پہلے ری پبلکن نے ان کا رخ بدل دیا تھا، اور پھر کیسے ممکن ہوا کہ دو سال سے بھی کم عرصے میں ری پبلکن کھائی میں جاگرے؟ نائب صدر وینس نے شکست کی وجہ ایران سے جنگ بتائی، لیکن وہ بھی سیاست کو سمجھ نہیں پا رہے۔ ہم شکست کی وجہ مہنگائی اور صرف مہنگائی کو دیں گے۔ 1972سے اب تک جو ہمارا مشاہدہ ہے، وہ جنگ نہیں رہا۔ ویت نام میں تو دو ملین سویلین، جو جنگ میں جھونکے گئے، مارے گئے؛ اس کے علاوہ 60ہزار فوجی تھے۔ جب جنگ رکی تو کچھ عرصے بعد شمالی اور جنوبی ویت نام ایک ہوچکے تھے، اور جنگ میں جانیں ضائع کرنے والوں کے قبرستان جگہ جگہ امریکہ میں آباد ہوچکے تھے۔ڈونلڈ ٹرمپ نے اس دفعہ آتے ہی وہ کام کرنا شروع کردئیے جن کا اس نے مہم میں ذکر ہی نہیں کیا تھا، جیسے سیدھی سڑک پر کار چلاتے چلاتے اس کا رخ موڑ دیا جائے۔ تیل مہنگا ہوا تو کھانے کی اشیاء مہنگی ہوئیں اور مہنگائی کا طوفان اور بدتمیزی جاری ہوگئی۔ الیکشن کے دوسرے دن صدر ٹرمپ وائٹ ہاؤس میں کئی بلین سے بننے والے بال روم میں پہنچے، ان کے چہرے پر کوئی خفت نہ تھی۔ بس بال روم کی تعریف میں ڈیڑھ گھنٹہ بولتے اور ورکروں سے ف

















