پاکستانی و مسلمان نوجوانوں کے بڑھتے ہوئے قدم اور ہماری اجتماعی ذمہ داری!!!
ہفت روزہ پاکستان نیوز میں صحافتی ذمہ داریاں انجام دیتے ہوئے تین دہائیوں سے زیادہ کا عرصہ بیت چکا ہے اور اس طویل سفر کے دوران میں نے امریکی سیاست میں مسلم کمیونٹی کے بدلتے ہوئے انداز کو بہت قریب سے دیکھا ہے۔ ایک زمانہ تھا جب امریکہ میں رہنے والے مسلمان اور پاکستانی تارکین وطن سیاسی عمل سے دور رہتے تھے اور ان کی تمام تر توجہ صرف روزگار اور معاشی استحکام تک محدود تھی۔ آج سے تیس چالیس برس پہلے اس بات کا تصور بھی ممکن نہ تھا کہ ہماری نئی نسل امریکہ کی قانون ساز اسمبلیوں اور مقامی انتظامی اداروں میں بیٹھ کر اہم فیصلے کرے گی۔ مگر حال ہی میں ہونیوالے انتخابات نے اس پرانے تصور کو یکسر بدل کر رکھ دیا ہے اور تاریخ کا ایک نیا اور سنہرا باب رقم کر دیا ہے۔ ان انتخابات میں ڈیموکریٹک جماعت کی جانب سے اور خصوصاً مسلم امیدواروں کی شاندار کامیابیوں نے ملک بھر میں ایک نیا ریکارڈ قائم کر دیا ہے۔ ایوان نمائندگان اور سینٹ کے ساتھ ساتھ بلدیاتی سطح پر کونسل کے اراکین، تعلیمی اداروں کے سرپرستوں اور دیگر انتظامی عہدوں پر مسلمانوں کی ایک بڑی تعداد کا کامیاب ہونا اس بات کا ثبوت ہے کہ ہماری کمیونٹی اب محض تماشائی نہیں بلکہ عملی کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہے۔
سب سے زیادہ دلکش اور حوصلہ افزا بات یہ ہے کہ اس انتخابی کامیابی کا بڑا حصہ ہمارے نہایت ہی کم عمر اور پرجوش نوجوانوں کے حصے میں آیا ہے۔ بالخصوص ہماری باہمت مسلم خواتین نے جس بڑی تعداد میں فتح حاصل کی ہے، اس نے مغربی دنیا پر یہ واضح کر دیا ہے کہ ہماری خواتین تعلیمی اور سیاسی میدان میں کسی سے پیچھے نہیں ہیں۔ امریکہ میں مسلمانوں کی اس سیاسی بیداری کے پیچھے سالہا سال کی خاموش محنت، تربیت اور صحیح سمت میں رہنمائی کا بڑا ہاتھ ہے۔ جب ہم اس کامیاب سفر پر غور کرتے ہیں تو ڈاکٹر اعجاز احمد اور ان کی قائم کردہ تنظیم کی بے مثال خدمات کا ذکر کیے بغیر یہ کہانی ادھوری رہے گی۔ ایک صحافی کی حیثیت سے میں نے اپنی آنکھوں سے دیکھا ہے کہ کس طرح ڈاکٹر اعجاز احمد نے اپنی تنظیم کے پلیٹ فارم سے ہماری کمیونٹی کو محض ووٹ ڈالنے کی حد سے نکال کر خود لیڈر بنانے کی منزل تک پہنچایا۔ انہوں نے نچلی سطح پر نوجوانوں کی رہنمائی کی، ان کی سیاسی تربیت کا اہتمام کیا اور انہیں انتخابی میدان میں اتارنے کے لیے وسائل فراہم کیے۔ ہم جانتے ہیں کہ امریکہ کی سیاست میں معاشی معاونت اور انتخابی فنڈز کتنی اہمیت رکھتے ہیں۔ ڈاکٹر اعجاز احمد نے پاکستانی نژاد اور مسلم کاروباری و پیشہ ور افراد کو ایک پرچم تلے جمع کیا اور کھلے دل سے فنڈز جمع کرنے کی تقریبات منعقد کیں جس کے نتیجے میں آج نیویارک سمیت مختلف ریاستوں میں ہمارے نوجوان کامیابی کے جھنڈے گاڑ رہے ہیں۔
اس وقت امریکی مسلمانوں اور بالخصوص پاکستانی نڑاد شہریوں کو متعدد داخلی اور خارجی چیلنجوں کا سامنا ہے۔ بین الاقوامی سطح پر ہونے والی تبدیلیاں، برادری پر بلاوجہ کی تنقید اور تعصب کے واقعات وہ مسائل ہیں جن کا حل صرف اور صرف سیاسی طاقت کے ذریعے ہی ممکن ہے۔ جب تک ہمارے اپنے نمائندے ان ایوانوں میں موجود نہیں ہوں گے جہاں پالیسیاں بنتی ہیں، تب تک ہماری آواز کو وہ مقام نہیں مل سکتا جس کی ہماری کمیونٹی مستحق ہے۔ دوسری جانب ہماری نئی نسل جن میں سے اکثر کی پیدائش اور پرورش اسی ملک میں ہوئی ہے، اپنی الگ شناخت اور مسلم اقدار کے ساتھ اس معاشرے کا فعال حصہ بننا چاہتی ہے۔ ان نوجوانوں کو تحفظ فراہم کرنا اور انہیں اپنے حقوق کی جنگ لڑنے کے قابل بنانا ہماری بنیادی ذمہ داری ہے۔ اگر ہم چاہتے ہیں کہ امریکہ میں ہمارے بچوں کا مستقبل محفوظ اور روشن ہو تو ہمیں اپنی حکمت عملی کو مزید مضبوط بنانا ہوگا۔
ہمیں انفرادی سوچ سے باہر نکل کر اجتماعی طاقت پر توجہ دینی ہوگی۔ جس طرح امریکی معاشرے میں دیگر اقوام اور برادریوں، خاص طور پر ہندوستانی اور یہودی گروہوں نے منظم ہو کر اپنے سیاسی اثر و رسوخ کو بڑھایا ہے، ہمیں بھی اسی طرز پر زیادہ سے زیادہ بااثر تنظیمیں قائم کرنے کی ضرورت ہے۔ یہ وقت جذباتی نعروں کا نہیں بلکہ عملی اقدامات کا ہے۔ ہماری کمیونٹی میں خدا کے فضل سے کامیاب ڈاکٹروں، انجینئروں، وکیلوں اور بڑے بزنس مینوںکی کوئی کمی نہیں ہے۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ یہ تمام کامیاب اور مخیر حضرات اپنے بچوں کے مستقبل کے لیے آگے آئیں، اپنی جیبیں کھولیں اور ڈاکٹر اعجاز احمد جیسے درد مند رہنماؤ ں کا ہاتھ مضبوط کریں۔ جب ہماری کمیونٹی کے صاحب ثروت لوگ نوجوانوں کی سرپرستی کرینگے اور ان کی مالی و اخلاقی معاونت کریں گے، تو ہماری آنے والی نسلیں صرف نیویارک یا چند ریاستوں تک محدود نہیں رہیں گی بلکہ پورے امریکہ کی قانون سازی اور پالیسی سازی پر اپنے گہرے نقوش چھوڑیں گی۔ یہی وقت کا تقاضا ہے اور یہی ہماری کامیابی کی ضامن راہ ہے۔
٭٭٭










