نیویارک (پاکستان نیوز) پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں پاکستان کے 9رکنی وفد کی امریکہ آمد، وفد نے اقوام متحدہ میں چین کے مستقل مندوب،سلامتی کونسل کی صدر، منتخب اراکین، امریکہ کی قائم مقام مستقل مندوب ڈوروتھی شیا ،یواین سیکرٹری جنرل ، صدر جنرل اسمبلی، سلامتی کونسل کے منتخب اراکین اور او آئی سی سفیروں سے ملاقاتوں کے دوران پہلگام حملے اور بھارتی جارحیت پر پاکستانی ردعمل سمیت آبی جارحیت کے مسائل کو حل کرانے کے لیے بھارت پر دبائو ڈالنے کا مطالبہ کیا ، اقوام متحدہ میں امریکا کی قائم مقام مستقل مندوب سفیر ڈوروتھی شیا نے پاکستان کے اعلیٰ سطح کے پارلیمانی وفد سے پاکستان مشن نیویارک میں ملاقات کی۔ اس پارلیمانی وفد کی قیادت پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین اور سابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کی۔ ملاقات میں جنوبی ایشیا کی حالیہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔بلاول بھٹو زرداری نے پارلیمانی وفد کے ہمراہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی صدر کیرولین روڈریگز برکیٹ سے ملاقات کی ہے۔چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی صدر اور جمہوریہ گیانا کی مستقل مندوب کے سامنے پاکستان کا مؤقف پیش کیابلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں پاکستانی سفارتی مشن کی اقوام متحدہ میں چین کے مستقل مندوب فو کانگ سے نیو یارک میں اہم ملاقات ہوئی ہے۔اس موقع پر چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور چین کے مستقل مندوب کے درمیان ملاقات میں بھارتی جارحیت اور خطے کی سیکیورٹی صورتحال پر گفتگو کی گئی۔












