نیویارک (پاکستان نیوز)امریکا میں تعینات پاکستانی سفیر مسعود خان نے کہا ہے کہ پاکستانی امریکن کمیونٹی وطن عزیز میں سرمایہ کاری میں تاخیر نہ کرے، اوورسیز پاکستانیوں کو وطن عزیز میں کوئی خطرہ نہیں ہے، میڈیا پر اپیگنڈا کر رہا ہے، اوورسیز پاکستانی پورے اعتماد کے ساتھ اپنا سرمایہ پاکستان میں لگائیں۔ امریکی ریاست ٹیکساس کے شہر ڈیلاس میں پاک پیک کے صدر ڈاکٹر رائو کامران علی کی رہائش گاہ پر تقریب کے موقع پر معروف تاجروں اور صنعتکاروں سے خطاب کرتے ہوئے مسعود خان نے کہا کہ 80 امریکی کاروباری اداروں کی موجودگی سے پاکستان میں پہلے سے ہی امریکی سرمایہ کاری کے لیے وسیع انفرا اسٹرکچر موجود ہے، پاکستان میں اب اپنی سرمایہ کاری کو بڑھانا ہے اور پاکستان میں اس کے لیے وسیع مواقع پیدا کیے گئے ہیں۔کاروباری اور سرمایہ کاری سرگرمیوں کو منظم کرنے کی غرض سے سفیر پاکستان نے تجویز پیش کی کہ کاروباری معاملات کے حوالے سے خواہ وہ پاکستان میں ریگولیٹری کا نظام ہو، کاروبار کرنے کی آسانیوں کے حوالے سے معاملات ہوں، منافع کی واپسی ترسیل ہو ان کے حوالے سے ٹیکسٹاس ڈیلاس یا کسی اور شہر میں ایک فورم قائم کیا جائے جہاں ان معاملات کے حوالے سے منظم طریقے سے کام کیا جا سکے۔ سفیر پاکستان نے ملک میں کان کنی، معدنیات، ٹیکس اسٹارٹ اپ زراعت، تعلیم اور صحت جیسے شعبہ جات کو اجاگر کیا جو دنیا بھر کے سرمایہ کاروں اور کاروباری برادری کو منافع کی پیشکش کر رہے ہیں۔ پاکستان اور امریکا کے درمیان دہائیوں پر مبنی شراکت داری کو اجاگر کرتے ہوئے مسعود خان نے کہا کہ پاکستان نے اپنے ابتدائی مرحلے میں ہی امریکا کو اپنا دوست منتخب کیا، زیادہ اہم بات یہ ہے کہ امریکا نے بھی پاکستان کا انتخاب کیا۔ ان کا کہنا ہے کہ پاکستانی امریکی کمیونٹی پاکستان اور امریکا کے درمیان پل کا کردار ادا کرتے ہیں، پاکستان ایک عظیم صلاحیتوں والا ملک ہے۔ ہم انشا اللہ دنیا کی پہلی 10 معیشتوں اور مضبوط ترین ممالک میں شامل ہوں گے، یہ نہ صرف ہماری قیادت کا بلکہ پاکستانی عوام کا عزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی امریکن ہمیشہ پاکستان کے ساتھ کھڑے رہے ہیں، وہ اپنی سرمایہ کاری اور مثبت شراکت سے پاکستان اور معیشت کی حمایت جاری رکھیں گے۔ مسعود خان کا مزید کہنا ہے کہ امریکا میں دس لاکھ پاکستانیوں کی موجودگی خاطر خواہ تعداد ہے، وہ اپنے آپ کو ایک کمیونٹی کے طور پر پیش کریں، پاکستان اور امریکا کے درمیان بندھن کو مزید مضبوط بنائیں۔ سفیر پاکستان نے یہ بھی کہا کہ ہم امریکا اور خلیجی خطے کی ریاستوں کو سرمایہ کاری کی دعوت دے رہے ہیں، چین پہلے ہی سی پیک منصوبوں کے ذریعے پاکستان میں سرمایہ کاری کر رہا ہے، ہم نے خلیجی ممالک کو تیل و گیس، زراعت اور معد نیات کے شعبوں میں سرمایہ کاری کی دعوت دی ہے اور وہ کئی یورپی اور شمالی امریکا کی کمپنیوں کے ساتھ شراکت داری کر کے پاکستان میں مزید سرمایہ لگائیں
گے۔