امریکہ میں کارل مارکس دوبارہ زندہ ہوگیا!!!

0
34
رمضان رانا
رمضان رانا

1886 میں یوم مئی کے سانحہ کے بعد جب شکاگو میں مزدوروں پر گولی چلی تھی ،جس میں لاتعداد مزدور مارے گئے تھے ، جن کے رہنماؤں کو پھانسی کی سزا ئیں دی گئی تھیں، جن کا مطالبہ تھا کہ مزدوروں کو مزدوری کے مطابق معاوضہ اور دوسری سہولتیں دی جائیں۔ آج پھر اس سے ملتا جلتا نظریہ اور مطالبہ امریکہ میں زور پکڑ گیا ہے کہ ہمیں مفت تعلیم، مفت علاج ،رہائش اور سفری سہولتیں فراہم کی جائیں۔ اس مطالبے اور نظرئیے کو افورڈ ایبلٹی کا نام دیا گیا ہے ۔اس مطالبے پر غور کریں تو لگتا ہے کہ امریکہ میں کارل مارکس دوبارہ زندہ ہو گیا ہے ۔
کارل مارکس نے مزدوروں، کسانوں اور محنت کشوں کی حمایت میں سوشلزم کا نظریہ پیش کیا تھا تاکہ سرمایہ دار اپنی دولت کا سارا حصہ خود ہڑپ کرنے کے بجائے مزدور کو اس کی ضرورت کے مطابق معاوضہ دے اور ان کی صحت، تعلیم نیز رہائش کا خیال رکھے۔ یہی وہ انسانی ہمدردی کا مفہوم ہے جس کی ترغیب مذہب اسلام نے بھی دی ہے کہ اپنے تحت کام کرنے والوں اور مزدوروں کو وہی فراہم کرو جو تم خود کھاتے، پہنتے اور جس معیار پر رہتے ہو۔
کارل مارکس کے نظریات کے اثرات کے بعد روس میں مزدوروں اور چین میں کسانوں کا انقلاب برپا ہوا جس کے نتیجے میں استبدادی نظاموں کے علاوہ سرمایہ داری اور جاگیر داری کا خاتمہ ہوا۔ ماضی میں 1901 کے دوران امریکہ میں بھی یورپ اور روس کی طرح سوسیالزم کا مطالبہ زوروں پر تھا اور وہاں سوسیالسٹ پارٹی آف امریکہ وجود میں آئی تھی، جس کے لاکھوں پیروکار تھے اور متعدد اراکین انتخابات میں منتخب ہوئے۔ اس پارٹی کے رہنما یوجین وی ڈیبس نے 1912 میں امریکی صدارت کا الیکشن بھی لڑا اور اس وقت نو لاکھ ووٹ حاصل کیے، جب کہ اس زمانے میں امریکہ کی آبادی کافی کم تھی اور خواتین، سیاہ فاموں، مقامی امریکیوں نیز نو آبادکاروں کو مکمل طور پر ووٹ کا حق حاصل نہیں تھا، جو بعد میں چودھویں ترمیم کے ذریعے فراہم کیا گیا۔
امریکی سوسیالسٹ پارٹی نے پہلی جنگ عظیم کی کھل کر مخالفت کی تھی۔ یہ پارٹی بھی اپنے نظریاتی اختلافات کی بنا پر سوسیال ڈیموکریٹس اور سوسیالسٹ پارٹی میں تقسیم ہو گئی تھی۔ اس تحریک کے ابھار سے خائف ہو کر امریکی صدر روزویلٹ نے کئی اہم اصلاحات کیں، جس کے باعث سوسیالزم کا زور ٹوٹ گیا اور امریکہ میں سرمایہ دارانہ نظام دوبارہ مضبوط ہو کر غالب آ گیا۔ اس دور کے بعد میکارتھی ازم کا دور آیا جس میں سوسیالسٹ افکار کے حامل افراد کو ملک دشمن قرار دیا گیا، انہیں نوکریوں سے برطرف کیا گیا اور طلبہ کے کیریئر تباہ کیے گئے۔ مزدور تنظیموں پر دباؤ بڑھا اور جب میکارتھی ازم کے حامیوں نے اسٹیٹ ڈیپارٹمنٹ پر غداری کے الزامات لگائے تو صورتحال مزید پیچیدہ ہو گئی۔ اس پروپیگنڈے کے نتیجے میں امریکی عوام اپنے ہی ہمدردوں کو شک کی نگاہ سے دیکھنے لگے اور شکاگو کے ان محنت کشوں کی قربانیوں کو فراموش کرنے لگے جن کی یاد میں دنیا بھر میں 1 مئی کو مزدوروں کا عالمی دن منایا جاتا ہے تاکہ اس طبقاتی جدوجہد کو خراج تحسین پیش کیا جا سکے جس کے بغیر دنیا کی معاشی ترقی ممکن نہیں تھی۔
سرمایہ دارانہ نظام میں کارخانہ دار اپنا منصوبہ پیش کرتا ہے اور مزدور اسے عملی جامعہ پہناتا ہے، مگر حاصل ہونیوالا زیادہ تر منافع سرمایہ دار کی جیب میں چلا جاتا ہے جبکہ محنت کش بنیادی سہولتوں سے بھی محروم رہتا ہے۔ امریکہ میں سوسیالزم کے نظریات کو اٹھانے میں برنی سینڈرز کی جدوجہد نے اہم کردار ادا کیا ہے جس کے اثرات امریکی سیاست پر نمایاں دکھائی دیتے ہیں۔ انتخاباتی عمل کے ذریعے عام شہری اور نوآبادیاتی پس منظر رکھنے والے افراد اب ایوانوں تک پہنچ رہے ہیں۔ نیویارک، کیلیفورنیا، ٹیکساس، شکاگو، فلوریڈا، آرکنساس، لاس اینجلس، واشنگٹن ڈی سی، کولوراڈو اور مشی گن سمیت مختلف ریاستوں اور شہروں میں نوجوان، مسلمان، ہندو، عیسائی، یہودی، بدھ مت، لاطینی، سیاہ فام، سفید فام، ایشیائی اور مقامی امریکی نمائندے کانگریس، سینیٹ، بلدیاتی اور ریاستی اداروں میں منتخب ہو رہے ہیں۔
ان نومنتخب نمائندوں میں مختلف ثقافتی اور مذہبی پس منظر کے افراد شامل ہیں جو اپنے اپنے علاقوں میں عوامی فلاح اور افورڈ ایبلٹی کا نعرہ بلند کر رہے ہیں۔ خواتین، سیاہ فام، مسلمان اور اقلیتی نمائندوں کی ایک بڑی تعداد قانون ساز اداروں میں پہنچ چکی ہے، جن میں فلسطینی اور مقامی امریکی پس منظر رکھنے والی شخصیات بھی شامل ہیں۔ ان وسیع تر تبدیلیوں کو دیکھ کر یہ محسوس ہوتا ہے کہ معاشرتی اور معاشی مساوات کا جو سفر مختلف ممالک سے شروع ہوا تھا، اس کی گونج اور اثرات اب امریکی سیاست میں بھی گہرے طور پر محسوس کیے جا رہے ہیں۔

 

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here