گذشتہ 75 سالوں کے طویل عرصے کے دوران، مغرب کی استعماری طاقتوں کو اپنا عالمی نظام برقرار رکھنے کے لیے پاکستان میں شاید اتنی دست آموز مقتدرہ میسر نہیں آئی ہو گی جتنی انہیں آج کل دستیاب ہے۔ شاہ سے زیادہ شاہ کی وفادار، لالچی، ہر وقت خوف زدہ رہنے والی، خود داری سے تہی دامن، ہر موقع پر جی حضوری کرنے کی خوگر، قومی مفادات پر سستا سودا کرنے کی ماہر، انتہائی بزدل اور نکمی، اپنی کمزور رعایا کے لیے ظالم و جابر لیکن اپنے سے زیادہ طاقتوروں کی خوشامد کرنے والی اس پاکستانی حکومت کا جتنا استعمال آج کل کیا جا رہا ہے، اس کی کوئی مثال نہیں ملتی۔ عباس قمر نے اپنے ایک ہی شعر میں اس کیفیت کو کچھ اس انداز میں سمو دیا ہے:
اْف تلک کرتے نہیں ظلِ الٰہی کے خلاف
آپ کو دربار کی عادت ہے، درباری ہیں آپ
امریکہ کی ناجائز خواہشات کے پیشِ نظر، اس دنیا میں اقتدار کی تبدیلی کی کارروائیاں پہلے بھی ہوتی رہی ہیں، تاہم پاکستان میں 2022ء میں کی گئی سائفر سازش اور پھر 2024ء کے دوران متنازع انتخابات دو ایسے واقعات ہیں جن کی بہت زیادہ پردہ پوشی کرنا بھی ضروری نہیں سمجھا گیا۔ ان دونوں معاملات میں شریک افراد بڑے دھڑلے سے اپنے یہ اقدامات، چھوٹے بڑے ہر قسم کے ٹیلی ویڑن چینلز پر دہراتے رہتے ہیں۔ اس صورتحال کا ایک تشویشناک پہلو یہ ہے کہ انتہائی سخت طور طریقوں سے ایسی آئینی ترامیم کر دی گئی ہیں جن سے 1973ء کے متفقہ آئین کا حلیہ ہی بالکل بدل گیا ہے۔ سب سے زیادہ نقصان عدلیہ کے ادارے کو پہنچا ہے، جس نے مقتدرہ کے ہر سیاسی مخالف کو جیلوں میں بند کرنے اور چادر و چاردیواری کا احترام و تقدس متاثر کرنے میں انتظامیہ کا بھرپور ساتھ نبھایا ہے۔ کومل جوئیہ کے الفاظ میں:
ہمارے نام کی تختی اتار دی جائے
کوئی بھی پوچھے تو کہنا ادھر نہیں رہتے
امیر شہر کے قدموں میں رکھنا پڑتے ہیں
اٹھائے جائیں تو شانوں پہ سر نہیں رہتے
گزشتہ روز اقوامِ متحدہ کے انسانی حقوق کے تحفظ کرنے والے ادارے کے سربراہ کا سی این این پر نشر ہونے والا انٹرویو سنا تو بہت افسوس ہوا۔ وہ پاکستان کے ان ہزاروں سیاسی قیدیوں کا ذکر کر رہے تھے جن کے بنیادی حقوق کا تحفظ نہیں ہو پا رہا۔ ان قیدیوں میں سرِ فہرست سابق وزیرِ اعظم عمران خان اور ان کے اہلِ خانہ کا ذکر تھا، تاہم میری براہِ راست معلومات کے مطابق برادرم اعجاز چوہدری بھی اسی طرح کے حالات کا شکار ہیں، جنہیں اپنی شدید اور خطرناک بیماریوں کا خاطر خواہ علاج کرانے کی اجازت نہیں دی جا رہی۔ تاریخ گواہ ہے کہ ہر دور کا فرعون و نمرود اپنے نظام کو بہت مضبوط سمجھتے ہوئے زیادتی کی ساری حدود پار کر جاتا ہے، لیکن پھر چند پرعزم لوگ اٹھ کھڑے ہوتے ہیں اور دنیا کے نظام کو کامیابی سے چیلنج کر دیا کرتے ہیں۔ بقول کومل جوئیہ:
ہمیشہ خوف کے زیر اثر نہیں رہتے
بہت ڈرا دیا جائے تو ڈر نہیں رہتے
تمہارے پاس بھی حق ہے بدلنا چاہو تو
کہ رنگ مدتوں دیوار پر نہیں رہتے
بدقسمتی سے، اسلام کے نام پر بننے والی ریاستِ پاکستان میں اقتدار کبھی بھی مذہبی لوگوں کے حوالے نہیں کیا گیا۔ اس کی ایک بڑی وجہ یہاں کی مقتدرہ کا مغربی قوتوں کی غیر مشروط پیروی ہے، تاہم اس کے ساتھ ساتھ عوام کی غلامانہ ذہنیت بھی کسی حد تک منفی کردار ادا کرتی رہی ہے۔ اپنی ایک نظم میں، جالب نے جب 10 کروڑ پاکستانیوں کو جہل کا نچوڑ کہا تھا تو انہوں نے یہ طنزیہ انداز میں کہا تھا، لیکن اس میں کچھ حقیقت بھی ضرور موجود تھی:
میں نے اس سے یہ کہا۔ یہ جو دس کروڑ ہیں
جہل کا نچوڑ ہیں۔ ان کی فکر سو گئی
ہر امید کی کرن۔ ظلمتوں میں کھو گئی
میں نے اس سے یہ کہا۔ جن کو تھا زباں پہ ناز
چپ ہیں وہ زباں دراز۔ چین ہے سماج میں
بے مثال فرق ہے۔ کل میں اور آج میں
اپنے خرچ پر ہیں قید۔ لوگ تیرے راج میں
جس امر پر مزید تشویش لاحق ہوتی ہے وہ یہ ہے کہ مقتدرہ کے ناجائز احکام پر عمل درآمد کرنے میں حکومت کے عام اہل کار ہی پیش پیش ہوتے ہیں۔ جب وہ بالکل مزاحمت نہیں کر پاتے تو معاشرہ مزید دباؤ کا شکار ہو جاتا ہے۔ مجھے مادام نورجہان کا گایا ہوا یہ دل گداز نغمہ، جو بچپن میں کانوں میں رس گھولتا تھا، یاد آ جاتا ہے کہ کاش ہمارے عوام اس خوبصورت گانے کا ہی کچھ مثبت اثر لے لیتے:
دکھائے دل جو کسی کا وہ آدمی کیا ہے؟
کسی کے کام نہ آئے وہ زندگی کیا ہے؟












