مکڑی کا فتنہ اور آج کا انسان!!!

0
15

مکڑی بچے پیدا کرنے کے بعد بچوں کے باپ کو کیوں قتل کرتی ہے؟ وہ بچے بڑے ہو کر ماں کے ساتھ کیا عبرت ناک کام کرتے ہیں؟ ایک تحقیق کے مطابق مادہ مکڑی بچے دینے کے بعد نر مکڑی، یعنی اپنے بچوں کے باپ کو قتل کر کے گھر سے باہر پھینک دیتی ہے۔ پھر جب اولاد بڑی ہو جاتی ہے، تو اپنی ماں کو قتل کر کے گھر سے باہر پھینک دیتی ہے۔ کتنا عجیب و غریب گھرانہ ہے اور یقیناً بدترین گھرانہ ہے۔
قرآن مجید کی ایک سورة ہے العنکبوت۔ عنکبوت کو اردو میں مکڑی کہا جاتا ہے۔ قرآن مجید میں اللہ رب العزت نے فرمایا ہے کہ سب سے بوسیدہ یا کمزور گھر مکڑی کا ہے۔ قرآن کا معجزہ دیکھیں، ایک جملے میں ہی اس گھرانے کی پوری کہانی بیان کر دی کہ بے شک گھروں میں سے سب سے کمزور گھر عنکبوت کا ہے، اگر یہ انسان علم رکھتے۔ انسان مکڑی کے گھر کی ظاہری کمزوری کو تو جانتے تھے، مگر اس کے گھر کی معنوی کمزوری، یعنی دشمنی اور خانہ جنگی سے بے خبر تھے۔ اب جدید سائنس کی وجہ سے اس کمزوری سے بھی واقف ہو گئے، اس لیے اللہ نے فرمایا اگر یہ علم رکھتے، یعنی مکڑی کی گھریلو کمزوریوں اور دشمنی سے واقف ہوتے۔ اس سب کے باوجود اللہ تعالیٰ نے ایک پوری سورة کا نام اس بری خصلت والے کیڑے کے نام پر رکھا، حالانکہ اس سورة کے شروع سے آخر تک گفتگو فتنوں کے بارے میں ہے۔ سورة کی ابتدا یوں ہوتی ہے: کیا لوگ یہ خیال کرتے ہیں کہ وہ اس بات پر چھوٹ جائیں گے کہ انہوں نے کہا کہ ہم ایمان لائے ہیں اور ان کو آزمایا نہیں جائے گا؟ اور فرمایا، لوگوں میں سے کچھ ایسے ہیں۔ جو کہتے تو ہیں کہ ہم ایمان لائے ہیں، مگر جب ان کو اللہ کی راہ میں اذیت دی جاتی ہے، تو لوگوں کی آزمائش کو اللہ کے عذاب کی طرح سمجھتے ہیں۔
ذہن میں یہ سوال پیدا ہو سکتا ہے کہ مکڑی کا فتنوں اور آزمائشوں سے کیا تعلق ہے؟ درحقیقت، فتنے، سازشیں اور آزمائشیں بھی مکڑی کی جال کی طرح پیچیدہ ہیں اور انسان کے لیے ان کے درمیان تمیز کرنا، ان کو بے نقاب کرنا آسان نہیں ہوتا۔ مگر اللہ مدد کرے تو یہ کچھ بھی نہیں ہوتے۔ اور آج کا دور بھی فتنوں سے بھرپور دور ہے۔ ہر چیز جھوٹ، ہر چیز دھوکہ، ہر طرف ملاوٹ اور بناوٹ ہے۔ اس دورِ فتن میں جو فتنوں میں پھنس گیا، بس وہ گیا۔ اللہ ہم سب کی فتنوں اور سازشوں سے حفاظت فرمائے اور ہمیں دینِ اسلام پر استقامت اور اس کی سمجھ عطا فرمائے۔ آمین یا رب العالمین۔
٭٭٭

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here