لاہور:
ٹیسٹ سیریز سے قبل پاکستانی بولرز کا جوش ٹھنڈا پڑگیا،کرکٹ آسٹریلیا الیون کیخلاف ٹور میچ کے دوسرے روز ناتجربہ کارمیزبان بیٹنگ لائن کی مزاحمت کوکچلنے میں مشکلات کا سامنا رہا۔
پرتھ کے واکا گراؤنڈ میں کھیلے جانے والے وارم اپ میچ کے پہلے روز پاکستان نے 7وکٹوں کے نقصان پر 386رنز بنائے تھے،ہفتہ کو دوسرے اور آخری روز مہمان ٹیم نے ناقابل شکست بیٹسمینوں اسد شفیق(101)اور کاشف بھٹی(56)کو میدان میں اتارنے کے بجائے بولرز کو پریکٹس کا موقع دینے کیلیے اننگز ڈیکلیئرڈ کردی۔
کرکٹ آسٹریلیا الیون کی بیٹنگ شروع ہوئی تو پاکستان کو ابتدا میں ہی کامیابیاں ملیں جب محمد عباس نے جیک کارڈر کو کھاتہ کھولنے سے قبل ہی بولڈ کردیا، اگلے اوور میں محمد موسٰی نے جیڈن گڈون(6) کو وکٹوں کے پیچھے محمد رضوان کا کیچ بنوادیا،جوناتھن میرلو نے کاؤنٹر اٹیک کرتے ہوئے جارحانہ انداز اختیار کیا، میتھیو سپورز نے بھی ان کا ساتھ دیا، جوناتھن بیرلو نے نسیم شاہ کو 3چوکے جڑ کر ان کا اعتماد متزل کیا،انھوں نے اسپنر کاشف بھٹی کو بھی آڑے ہاتھوں لیا،جارح مزاج بیٹسمین کی ففٹی 67گیندوں پر مکمل ہوئی۔
لنچ پر کرکٹ آسٹریلیا کا ٹوٹل 2وکٹوں کے نقصان پر 85تھا، بالآخر یاسر شاہ تیسری وکٹ کیلیے 122رنز کی شراکت ختم کرنے میں کامیاب ہوگئے، لیگ اسپنر نے جوناتھن میرلو(78)کو محمد رضوان کا کیچ بنوادیا،محمد عباس نے جیک ڈوران کی اننگز 3پر تمام کرنے کیلیے وکٹ کیپر کا سہارا لیا،محمد موسیٰ نے میتھیو سپورز(58) کا شکار کیا، انھیں اسد شفیق کی معاونت حاصل رہی،کاشف بھٹی نے بھی اسد شفیق کی مدد سے ہی ڈینئیل ڈریو(15)کو پویلین بھیجا، ٹام اوکونل 8رنز بنانے کے بعد افتخار احمد کی آف سپن گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے،بریڈلے ہوپ 50اور مچل ہیری 22 پر ناٹ آؤٹ رہے۔
کرکٹ آسٹریلیا الیون نے پاکستانی بولرز کیخلاف بھرپور مزاحمت کرتے ہوئے 79.5اوورز میں 7وکٹوں کے نقصان پر 246رنز جوڑے اور میچ ڈرا ہوگیا، محمد عباس22اور محمد موسٰی 32رنز دیکر 2،2شکار کرنے میں کامیاب ہوئے،یاسرشاہ 39،کاشف بھٹی72 اور افتخار احمد 21 رنز دیکر ایک ایک وکٹ حاصل کرپائے، گزشتہ ٹور میچ میں بیٹسمینوں کیلیے خوف کی علامت بننے والے نسیم شاہ 58رنز دیکر کوئی وکٹ نہیں لے پائے۔
یاد رہے کہ پاکستان اور آسٹریلیا کے مابین پہلا ٹیسٹ میچ 21نومبر کو برسبین میں شروع ہوگا،بعض کھلاڑیوں کی کارکردگی میں عدم تسلسل کی وجہ سے پاکستان کو درست کمبی نیشن بنانے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا۔