اسرائیل کی بمباری سے مسافر بردار طیارہ بال بال بچ گیا، 23 جنگجو ہلاک

0
308

دمشق / ماسکو:

اسرائیل کی شام میں تین مختلف فضائی کارروائیوں میں شامی فضائیہ کے اہلکاروں سمیت 23 جنگجو ہلاک ہوگئے جب کہ روس نے الزام عائد کیا ہے کہ اُس کا مسافر بردار طیارہ بمباری کی زد میں آتے آتے بچ گیا۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق اسرائیلی فضائیہ نے دمشق میں تین مقامات پر ایرانی ٹھکانوں پر فضائی بمباری کی ہے جس میں کم سے کم 23 افراد ہلاک ہوگئے۔ ہلاک ہونے والوں میں شامی فضائیہ کے اہلکاروں کے علاوہ ایرانی جنگجو بھی شامل ہیں۔

شام میں انسانی حقوق کے برطانوی مبصر نے دعویٰ کیا ہے کہ اسرائیلی فضائیہ نے قسوہ میں ایک عمارت پر بمباری کی جس میں 3 ایرانی جنگجو اور 7 ایران کے حمایت یافتہ جنگجو ہلاک ہوگئے۔

 

اسی طرح المیزہ کے علاقے میں اسرائیلی فضائیہ کی کارروائی میں 8 شامی ایئر فورس کے اہلکار ہلاک ہوئے جب کہ صوبے ڈارا میں فضائی بمباری میں 5 شامی جنگجو مارے گئے۔

دوسری جانب شامی فضائیہ نے دعویٰ کیا ہے کہ اسرائیلی ایئرفورس کے دمشق میں تین مختلف حملوں کا بھرپور جواب دیا گیا ہے جس کے بعد اسرائیلی لڑاکا طیارے بھاگنے پر مجبور ہوگئے۔

ادھر روس کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فضائیہ کے حملے میں ایک مسافر بردار طیارہ حملے کی زد میں آنے سے بال بال بچ گیا، وگرنہ بڑے پیمانے پر جانی نقصان ہوتا جس کا ذمہ دار اسرائیل ہوتا۔ طیارے میں 172 افراد موجود تھے۔ اسرائیل نے بمباری کے دوران عالمی اصولوں کی خلاف ورزی کی۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here