واشنگٹن:
پینٹاگون کا کہنا ہے کہ عراق کے امریکی فوجی اڈے پر ایرانی میزائل حملے میں دماغی چوٹوں سے متاثر ہونے والے اہلکاروں کی تعداد 64 سے بڑھ کر 109 ہو گئی ہے۔
امریکی وزارت دفاع کے صدر دفتر پینٹاگون کے ترجمان لیفٹیننٹ کرنل تھامس کیمپبیل نے اپنے حالیہ بیان میں اعتراف کیا ہے کہ گزشتہ ماہ کے آغاز میں عراق کے عین الاسد فوجی اڈے پر ایران کے میزائل حملوں سے متاثر ہونے والے امریکی فوجیوں کی تعداد 64 سے بڑھ کر 109 ہوگئی ہے۔
ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ ان اہلکاروں کو شدید دماغی چوٹیں آئی ہیں اور وہ سر درد، چکر آنا، متلی ہونا اور روشنی سے حساسیت کا شکار ہوگئے ہیں۔ جن میں سے اکثر کا علاج ہوچکا ہے تاہم کئی نئے مریض بھی سامنے آئے ہیں۔ 109 میں 76 کو علاج کے بعد واپس ملازمتوں پر بھیج دیا گیا ہے۔
لیفٹیننٹ کرنل تھامس کیمپبیل نے بتایا کہ 18 امریکی فوجیوں کو علاج کے لیے جرمنی اور ایک کو کویت بھی بھیجا گیا جب کہ 31 اہلکاروں کا علاج عراق میں ہوا اور وہ ڈیوٹی پر واپس آگئے ہیں۔
واضح رہے کہ 8 جنوری کو صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایرانی حملے پر پالیسی بیان میں امریکی فوجیوں کے زخمی یا ہلاک ہونے کی تردید کی تھی تاہم بعد میں پینٹاگون نے 31 اہلکاروں کے زخمی ہونے کا اعتراف کرلیا تھا اس کے بعد یہ تعداد 50 بتائی گئی تھی، بعد ازاں کہا گیا کہ تعداد 64 ہے اور اب ایک بار پھر تعداد میں اضافہ بتایا گیا ہے۔