کورونا وائرس امریکا میں بھی پھیلنے لگا، 6 افراد ہلاک اور 100 متاثر

0
69

واشنگٹن:

امریکا میں بھی کورونا وائرس سے ہلاکتوں کا سلسلہ شروع ہوگیا اور وہاں پر ہلاکتوں کی تعداد 6 ہوگئی جب کہ 100 سے زائد متاثر ہیں جن میں سے 18 افراد انتہائی نگہداشت کے وارڈ میں زیر علاج ہیں۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق محکمہ صحت کے حکام نے واشنگٹن میں  مزید 4 ہلاکتوں کی تصدیق کی ہے جس کے بعد وہاں ہلاک افراد کی تعداد 6 ہوگئی ہے، حالیہ چاروں ہلاکتیں واشنگٹن کے نرسنگ سینٹر میں ہوئیں۔

پیر کو ایک پریس کانفرس میں حکام نے مزید اموات کی تصدیق کی۔ امریکا میں مہلک وائرس سے پہلی ہلاکت اتوار کو ہوئی تھی اور اب تک 100 افراد کے وائرس سے متاثر ہونے کی تصدیق ہوچکی ہے جن میں سے 18 کی حالت تشویش ناک ہے۔

 

کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے خدشے کے سبب امریکی حکام نے کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کو رکھنے کے لیے کنگ کاؤنٹی میں ایک ہوٹل کو خریدنے کا فیصلہ کیا ہے اور کہا ہے کہ صورتحال مزید خراب ہوسکتی ہے اور متاثرہ افراد کی تعداد 1500 تک پہنچ سکتی ہے۔

اس حوالے سے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور نائب صدر مائیک پنس نے امریکی دوا ساز کمپنیوں سے ملاقاتیں کیں اور انہیں کورونا وائرس کے خلاف موثر ادویات تیار کرنے کی ہدایات بھی جاری کیں۔

29 فروری کوامریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کورونا وائرس سے متعلق خصوصی پریس کانفرنس طلب کی تھی جس میں پہلی ہلاکت کی تصدیق کے علاوہ اس وائرس سے نمٹنے کے لیے اقدامات کے بارے میں بھی آگاہ کیا گیا تھا۔

دریں اثنا برطانوی میڈیا کے مطابق دنیا بھر میں کورونا وائرس سے ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد 3 ہزار 89 جب کہ متاثرہ افراد کی تعداد 89 ہزار سے زائد ہوگئی۔

اٹلی میں کورونا وائرس سے ہلاک افراد کی تعداد 52 ہوگئی جب کہ سیکڑوں افراد متاثرہ ہیں۔

 

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here