پشاور: کورونا وائرس کے پیش نظر ڈی آئی خان میں دفعہ 144 نافذ کردی گئی۔
کورونا وائرس کے خطرے کے پیش نظر ضلع بھر میں دفعہ 144 نافذ کردی گئی۔ انتظامیہ کے مطابق 5 یا 5 سے زائد لوگوں کے اکٹھے ہونے پر پابندی عائد کردی گئی۔ اس کے علاوہ احتیاطی تدابیر کے طور پر مختلف تقاریب ، تہوار ،میٹنگ ، مجالس ،جلسے، میلے اور اجتماعات پر بھی پابندی عائد کی گئی ہے۔
ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ شہریوں کی جانب سے جلسے جلوس اور موسیقی کے پروگرام پر عائد پابندی کی خلاف ورزی کرنے پر قانونی کارروائی ہوگی۔
دوسری جانب مشیراطلاعات خیبرپختونخواہ اجمل وزیر نے سیکریٹری صحت کے ہمراہ پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ کورونا وائرس کے پیش نظر صوبےبھرمیں ایمرجنسی نافذ اور اسکول یونیورسٹیز 15 روز کیلئے بند ہیں، وزیر اعلی کی سربراہی میں ٹاسک فورس بنائی گئی ہے، محکمہ صحت کو 5 ارب روپے جاری کردیے گئے ہیں، 12 سو آئی سولیشن وارڈز قائم کردیے گئے ہیں، ایئرپورٹ پر محکمہ صحت کے اہلکار تعینات ہیں، پولیس اسپتال کورونا وائرس مریضوں کے لیے مختص کیا گیا ہے، جب کہ 36 افراد کے ٹیسٹ کیے گئے ہیں جن میں سے27 کے ٹیسٹ منفی نکلے اور 9 کے ٹیسٹ رہتے ہیں۔
اس موقع پر سیکریٹری صحت کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس کے باعث ایک دم بازار بند نہیں کر سکتے، حفاظتی اقدامات کررہے ہیں وہ ضروری ہے، ایران سے آنے والے زائرین کی اسکریننگ کی جارہی ہے،306 زائرین کی مکمل اسکریننگ کی گئی ہے،عوام چھوٹی بیماریوں کے لیے بڑے اسپتالوں کا رخ نہ کریں، نزلہ زکام کے لیے احتیاطی تدابیر اپنائیں، خیبر پختونخوا میں کورونا کا کوئی مریض نہیں۔