اسلام آباد(پاکستان نیوز)امریکہ نے پاکستان میں قومی اقلیتی کمیشن کی تشکیل کا خیرمقدم کیا ہے۔میڈیا رپورٹ کے مطابق امریکی کمیشن برائے بین الاقوامی مذہبی آزادی نے کمیشن کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ امید ہے کمیشن آئین وقانون کے مطابق اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ میں کردار ادا کریگا۔امریکی کمیشن کی کمشنر انوریمابھرگاوا کا کہنا ہے کہ سپریم کورٹ کی جون2014ءکی ہدایت کی روشنی میں کمیشن کا قیام خوش آئند ہے۔پاکستان کی مذہبی آزادیوں کے تحفظ کیلئے جاری کاوشوں میں یہ اہم قدم ہے۔امید ہے اقلیتی کمیشن مکمل خودمختاری کےساتھ کام کریگا۔امریکی کمیشن کے ایک اور کمشنر جانی موورنے کورونا وائرس کے باعث مارچ میں دورہ پاکستان ملتوی ہونے پر افسوس کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے دورے کی دعوت اور امریکی کمیشن کے ساتھ متحرک وابستگی پر شکر گزار ہیں۔پاکستان کا اقلیتی کمیشن کا قیام درست سمت میں اچھا قدم ہے۔وزیراعظم عمران خان اور انکی حکومت میں پاکستان کو آگے لے جانے کی صلاحیت ہے،درحقیقت ابھی مزید اقدامات درکار ہیں۔