پاکستان، سعودی عرب سٹریٹجک اتحادی ہیں:راجہ علی اعجاز، قومی دن پر مبارکباد
جدہ (پاکستان نیوز) سعودی عرب میں پاکستان کے سفیر راجہ علی اعجاز نے سعودی عرب کے 90 ویں قومی دن پر پاکستانی حکومت اور عوام کی جانب سے خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبد العزیز، ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اور سعودی عوام کو دلی مبارکباد پیش کی ہے۔سعودی عرب میں پاکستانی سفارتخانے سے جاری بیان کے مطابق راجہ علی اعجاز نے کہا سعودی عرب اور پاکستان سٹریٹجک اتحادی اور مشکل وقتوں میں کندھے سے کندھا ملا کر ساتھ کھڑے رہے ہیں۔سعودی عرب 25 لاکھ پاکستانیوں کا دوسرا گھر ہے اور وہ مملکت اور اس کے عوام کی جانب سے اپنی میزبانی کو ستائشی جذبے سے دیکھتے ہیں۔سفیر پاکستان نے کورونا کی وبا سے پیشہ ورانہ انداز میں نمٹنے پر سعودی عرب کی ستائش کی اور کہا کہ خصوصاً خادم حرمین شریفین کی جانب سے تارکین وطن، جن میں پاکستانی شامل ہیں، کے کورونا سے مفت علاج کے شاہی فرمان پر ممنونیت کا اظہار ضروری سمجھتے ہیں۔سعودی عرب نے برسہا برس کی محنتوں سے عالمی امور میں اہم مقام پیدا کیا ہے۔ پاکستان سعودی ورڑن میں مملکت کا سرگرم شریک بنے گا۔