ماسکو (پاکستان نیوز) روسی سائنسدانوں نے کینسرکے علاج کے لئے ویکسین تیار کرلی جسے اس موذی بیماری کے علاج میں بڑی پیش رفت قراردیا جا رہا ہے۔ روسی سائنسدانوں نے اعلان کیا ہے کہ کینسر کے علاج کے لیے تیار کی جانے والی mRNA ویکسین اینٹرو مکس کلینیکل استعمال کے لیے تیار ہے۔ اس بات کا اعلان روسی فیڈرل میڈیکل اینڈ بائیولوجیکل ایجنسی کی سربراہ ویرونیکا اسکوورتسوا نے کیاکہ mRNA ویکسین کے پری کلینیکل ٹرائلز کامیابی سے مکمل ہو چکے ہیں جن میں اس کی حفاظتی خصوصیات اور موثر نتائج سامنے آئے ہیں۔ ٹرائلز کے دوران ویکسین نے نہ صرف رسولیوں کو سکیڑنے میں کامیابی دکھائی بلکہ ان کے بڑھنے کو بھی نمایاں حد تک سست کر دیا، ویکسین بار بار استعمال کے لیے بھی محفوظ پائی گئی ۔ رپورٹ کے مطابق یہ ویکسین ہر مریض کے جینیاتی مواد (آر این اے)کے مطابق انفرادی طور پر تیار کی جائے گی تاکہ زیادہ سے زیادہ نتائج حاصل کیے جا سکیں۔ابتدائی طور پر mRNAویکسین کو آنتوں کے کینسر کے علاج کے لیے استعمال کیا جائے گا جبکہ اس کی دیگر اقسام پر کام جاری ہیجن میں گلائیو بلاسٹوما (ایک خطرناک دماغی سرطان) اور میلانومہ (جلدی کینسر کی خاص اقسام) شامل ہیں۔طبی ماہرین نے کہا کہ اس نئی ویکسین کی منظوری آنکولوجی کے میدان میں ایک اہم پیش رفت ہے، جو مستقبل میں کینسر کے علاج کے طریقوں کو بدل سکتی ہے۔









