واشنگٹن( پاکستان نیوز) جموں و کشمیر لبریشن فرنٹ کے زونل صدر ڈاکٹر توقیر گیلانی نے امریکہ میں امریکی صدر کے مشیر ساجد تارڑ سے ملاقات کی اور سیز فائر لائن پر گولہ باری بند کرانے ، مقبوضہ کشمیر میں جاری ریاستی دہشت گردی کے خاتمے ، کشمیری ر ہنماو¿ں کی جیلوں سے رہائی اورریاست جموں کشمیر کی آزادی کیلئے کردار ادا کرنے کی اپیل کی، دو گھنٹے سے زائد رہنے والی ملاقات میں امریکی صدر کے معاونِ خصوصی کی طرف سے کشمیری عوام پر ہونے والے ظلم و جبر کے خلاف حمایت کی یقین دہانی کرائی گئی، ساجد تارڑ نے کہا جلد یا بدیر ریاست جموں کشمیر کے عوام اپنی آزادی حاصل کرینگے۔ساجد تارڑ نے ڈاکٹر توقیر کو یقین دلایا امریکی حکومت مسئلہ جموں کشمیر کے پرامن، منصفانہ اور مستقل حل کیلئے بھارت اور پاکستان کی حکومتوں سے مسلسل رابطے میں ہے ، عالمی برادری مسئلہ کشمیر سمیت بعض عالمی مسائل میں اپنے معاشی و تجارتی مفاد کی خاطر انسانی حقوق کی بدترین پامالیوں کو بھی نظر انداز کر جاتی ہے جو افسوسناک طرزِ عمل ہے۔ امریکہ کے دورے پر موجود ڈاکٹر توقیر گیلانی نے اپنے ساتھیوں کے ہمراہ یہاں واشنگٹن میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے معاونِ خصوصی جناب ساجد تارڑ سے انکے دفتر میں ملاقات کی۔ امریکہ میں مقیم کشمیری راہنما راجہ مختار خان، سردار طاہر اقبال اور راجہ اشتیاق بھی موجود تھے۔