بیجنگ/ کولوراڈو:
چین میں 15 سالہ لڑکا طاعون کی وجہ سے ہلاک ہوگیا جس کے بعد لڑکے سے رابطہ رکھنے والے 15 افراد کو قرنطینہ کردیا گیا۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق چین میں 15 سالہ منگولیا بچہ طاعون کا شکار ہو کر زندگی کی بازی ہار گیا، لیبارٹری ٹیسٹ میں بچے کے طاعون میں مبتلا ہونے کی تصدیق ہوگئی ہے جو ایک گلہری سے بچے میں منتقل ہوا تھا۔
چین کے ادارہ قومی صحت نے لڑکے سے میل جول رکھنے والے 15 افراد کو قرنطینہ کردیا اور سب کے ٹیسٹ لیے گئے ہیں۔ منفی آنے پر ان لوگوں کو گھر جانے کی اجازت دے دی جائے گی تاہم منگولوں کے ایک گاؤں میں ابتدائی طور پر نافذ کی گئی ایمرجنسی ہٹا دی گئی ہے۔
دوسری جانب امریکی ریاست کولوراڈو میں شک کی بنیاد پر گلہریوں کا ٹیسٹ کیا گیا جن میں طاعون کی تصدیق ہوگئی ہے۔ حکام نے شہریوں کو احتیاط برتنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ گلہریوں سے دور رہیں اور مردہ گلہری ملنے پر فوری طور محکمہ صحت کو مطلع کریں۔