افغانستان میں پولیس ہیڈ کوارٹر پر طالبان کا حملہ, 13 اہلکار ہلاک

0
284

کابل:

افغانستان میں پولیس ہیڈ کوارٹر پر ایک خود کش بمبار نے خود کو دھماکے سے اُڑالیا جب کہ دیگر طالبان جنگجوؤں نے اندر داخل ہوکر فائرنگ کرکے 13 اہلکاروں کو ہلاک کردیا جب کہ پولیس کی جوابی فائرنگ سے 2 جنگجو بھی مارے گئے۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق افغانستان کے صوبے بغلان کے شہر پُلِ خوماری میں واقع پولیس ہیڈ کوارٹر میں طالبان جنگجوؤں نے حملہ کردیا، پہلے خود کش بمبار نے دروازے پر بارود سے بھری گاڑی ٹکرادی جس کے بعد دیگر طالبان جنگجو اندر داخل ہوئے اور اندھا دھند فائرنگ کی جس کے نتیجے میں 13 پولیس اہلکار ہلاک ہوگئے۔

افغان پولیس نے بھی بھر پور مزاحمت کرتے ہوئے جوابی فائرنگ کی اور 2 جنگجوؤں کو موت کے گھاٹ اتار دیا، دو طرفہ فائرنگ سے 50 سے زائد پولیس اہلکار زخمی بھی ہوئے جب کہ قریب سے گزرنے والے 4 شہری بھی معمولی زخمی ہوئے جنہیں قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا۔

 

افغان حکومت نے سیکیورٹی فورسز کے مزید دستے طلب کرلیے جس کے بعد مقابلہ جاری رہا اور بعد ازاں 5 طالبان جنگجو فرار ہوگئے جن کی تلاش میں سیکیورٹی فورسز کی جانب سے چھاپا مار کارروائی جا رہی ہے، جائے وقوعہ کا گھیراؤ کرلیا گیا اور گھر گھر تلاشی کی گئی۔

دوسری جانب سے افغان طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے پولیس ہیڈ کوارٹر پر حملے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ایک خود کش بمبار کے ساتھ 7 جنگجوؤں نے دھاوا بولا تھا اور گھمسان کی جھڑپ میں افغان پولیس کو بڑے پیمانے پر نقصان پہنچایا۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here