واشنگٹن:
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی پریس کانفرنس کے دوران وائٹ ہاؤس کے باہر ایک شخص نے فائرنگ کردی۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی پریس کانفرنس کے دوران وائٹ ہاؤس کے باہر ایک شخص نے فائرنگ کردی جس کے بعد صدر صدر ٹرمپ نیوز بریفنگ چھوڑ کر چلے گئے تاہم تھوڑی ہی دیر بعد امریکی صدر واپس آئے اور صحافیوں کے سوالوں کے جواب دیتے ہوئے کہا کہ حالات پر قابو پایا جا چکا ہے۔
امریکی سیکرٹ سروس کی جانب سے کی گئی ٹوئٹس کے مطابق امریکی سیکرٹ سروس کے ایک اہلکار کی موجودگی میں ہونے والی فائرنگ 17ویں اسٹریٹ اور پینسلوینیا ایوینیو پر کی گئی جہاں سیکرٹ سروس گارڈز نے وائٹ ہاؤس کے باہر مسلح شخص کو گولی مار کر زخمی کیا۔
امریکی میڈیا کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے دوران وائٹ ہاؤس کو لاک ڈاؤن کردیا گیا تھا، زخمی مشتبہ شخص کو گرفتار کرکے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے تاہم حملہ آور کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی۔