موغا ديشو:
صومالیہ میں فوجی اڈے پر خود کش حملے میں 5 اہلکار ہلاک اور ایک امریکی فوجی زخمی ہوگیا۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق صومالیہ کے ساحلی شہر کسمایو میں خودکش بمبار نے دھماکا خیز مواد سے بھری ہوئی گاڑی کو فوجی اڈے کے مرکزی دروازے سے داخل ہونے کی کوشش ناکام ہونے پر دھماکے سے اُڑادی جس کے نتیجے میں 5 اہلکار ہلاک اور ایک زخمی ہوگیا۔
صومالی فوج کے ترجمان کا کہنا ہے کہ مشکوک کار کی داخلی دروازے سے داخل ہونے کی کوشش پر فوجی محافظوں نے گاڑی پر گولیاں برسا دیں جس پر خود کش حملہ آور نے خود کو دھماکے سے اُڑا دیا۔ زخمی ہونے والے اہلکار امریکی فوجی تھا۔
دوسری جانب شدت پسند جماعت الشباب نے حملے کی ذمے داری قبول کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ حملے میں 16 صومالی اور 4 امریکی فوجی مارے گئے تاہم آزاد ذرائع سے اس کی تصدیق نہیں ہوسکی ہے۔
واضح رہے کہ صومالیہ میں 2008 سے امن عامہ کی صورت حال نہایت مخدوش ہے جہاں عالمی سطح پر حمایت یافتہ صومالی حکومت کو شدت پسندوں کی کارروائیوں کا سامنا ہے، گزشتہ ماہ دارالحکومت کے ایک ہوٹل میں دھماکے اور فائرنگ سے 11 افراد ہلاک ہوگئے تھے جن میں ایک پولیس افسر بھی شامل ہے۔