واشنگٹن (پاکستان نیوز) امریکہ نے بحری جنگی جہاز آبنائے ہرمز میں داخل کر دیے۔ امریکی بحریہ نے اعلان کیا ہے کہ امریکی افواج نے آبنائے ہرمز کے راستے ایک طیارہ بردار بحری جہاز اور جنگی جہاز علاقائی پانیوں تک پہنچائے ہیں۔امریکی فوج کے جنگی اور دفاعی امور کے کمانڈر ایڈمرل جم کرک نے اپنی افواج کی تیاری کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہماری تیاریاں پورے عروج پر ہیں۔ امریکی فوج کے پانچویں فلیٹ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ طیارہ بردار بحری جہاز نمٹز کی سربراہی میں ایک قافلہ جس میں گائڈڈ اور تباہ کن میزائل سے لیس دو کروزر شامل ہیں، خلیج میں امریکی اتحادیوں کے ساتھ مل کر کام کرنے، تربیت دینے اور دہشت گرد تنظیم داعش سے لڑنے والے اتحاد کی حمایت کرنے کے لیے روانہ ہوئے۔کرک نے مزید کہا کہ نمٹز سٹرائیک گروپ جولائی سے ہی پانچویں فلیٹ کے علاقے میں کام کر رہا ہے اور یہ انتہائی تیاری کی حالت میں ہے۔