کراچی:
کشمور زیادتی کیس کے اہم کردار اے ایس آئی محمد بخش کا تبادلہ کردیا گیا۔
نوٹی فیکشن کے مطابق اے ایس آئی محمد بخش کی خدمات کراچی رینج کے سپرد کردی گئیں۔ اے ایس آئی محمد بخش کو ٹریننگ برانچ کراچی میں تعینات کیا گیا ہے۔
کشمور میں 4 سالہ بچی سے اجتماعی زیادتی کا دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا تھا جس نے ہر شہری کو لرزا کر رکھ دیا ہے، کراچی کی رہائشی تبسم بی بی کو نوکری کا جھانسہ دے کر کشمور لے جایا گیا جہاں پہلے اس کے ساتھ اور پھر اس کی 4 سالہ بیٹی کے ساتھ اجتماعی زیادتی کی گئی۔
اے ایس آئی محمد بخش جرات اور بہادری کی مثال
کشمور واقعے میں اے ایس آئی محمد بخش برڑو نے اپنی جرات اور بہادری کی مثال قائم کی ہے جنہوں نے معصوم بچی کی بازیابی اور ملزمان کی رسائی کے لیے اپنی اہلیہ اور بیٹی کی مدد فراہم کی اور بچی کو بازیاب کروا کر ملزم کو گرفتار کروایا جو پولیس اور دیگر ملزمان کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں ہلاک ہوگیا۔
آئی جی پولیس سندھ مشتاق مہر نے اے ایس آئی محمد بخش برڑو کو تمغہ شجاعت اور ان کی بیٹی کو ستارہ امتیاز دینے کی سفارش کرتے ہوئے محکمہ پولیس کی طرف سے 20 لاکھ روپے انعام کا اعلان کیا ہے۔