نیویارک (پاکستان نیوز) ڈائریکٹر آف نیشنل انٹیلی جنس نے حالیہ انتخابات کے دوران روس ، چین اور ایران کی جانب سے مداخلت کا انکشاف کر دیا ہے ، سی بی ایس رپورٹر کیتھرائن ہیرج نے خبر بریک کی ہے کہ نیشنل انٹیلی جنس ڈائریکٹر جان ریٹ کلف نے ان کو انٹرویو کے دوران یہ بتایا ہے کہ رواں برس نومبر میں ہونے والے انتخابات کے دوران تین بڑی طاقتوں چین ، روس اور ایران نے براہ راست امریکہ کے انتخابات میں مداخلت کی ہے جوکہ عوام اور سیکیورٹی اداروں کے لیے بڑی پریشانی کا باعث بن گئی ہے ۔رپورٹ کے مطابق جان ریٹ کلف نے انتخابات کے دوران غیر ملکی مداخلت کے حوالے سے اپنی رپورٹ کانگریس میں پیش کرنا تھی جس میں وہ کامیاب نہیں ہو سکے ہیں ، انٹیلی جنس آفس کے مطابق اس معاملے پر سیکیورٹی آفیسرز تاحال تفتیش میں مصروف ہیں تاکہ اس حوالے سے مکمل معلومات حاصل کر سکیں ،کانگریس اراکین کی جانب سے اس معاملے پر حیرت کا اظہار کیا گیا تھا کہ کیا چین اور دیگر ممالک اس قابل ہیں کہ وہ امریکی ووٹرز کو ٹرمپ کے خلاف یا کسی صدارتی امیدوار کی حمایت میں راضی کر سکیں ، تجزیہ کاروں نے اس رائے کا بھی اظہار کیا ہے کہ ٹرمپ کے صدر بننے سے بعد سے لے کر اب تک چین ، روس اور ایران سے کسی نہ کسی مسئلے کے اوپر اختلافات رہے ہیں اور ایران کے معاملے میں تو ٹرمپ نے بہت جارحانہ پالیسی اپنائی اور ایک موقع پر ایران پر حملہ کرنے تک کے احکامات جاری کر دیئے تھے ، تجزیہ کاروں کے مطابق اس سارے منظر نامے میں تینوں طاقتوں کی جانب سے امریکہ کے انتخابی نظام میں مداخلت اور بائیڈن کی فتح میں کردار ادا کرنے کے معاملے کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا ہے ، دریں اثنا نیشنل انٹرسٹ لا فرم تھامس مورے سوسائٹی نے دعویٰ کیا ہے کہ وسکانسن ، پنسلووینیا اور مشی گن کی ریاستوں میں انتخابی جعلسازی کے ذریعے جوبائیڈن کو فاتح قرار دینے کے لیے سب سے بڑی سوشل میڈیا سائٹ فیس بک کے بانی مارک زکربرگ اور ان کی اہلیہ کو 500ملین ڈالر کی رقم جاری کی گئی ہے ، تھامس مورے سوسائٹی کی جانب سے جاری کردہ 39 صفحات کی اس رپورٹ میں یہ دعویٰ کیا گیا ہے کہ شفاف انتخابات کے نام سے جاری کردہ اس رقم سے تین ریاستوں میں آن لائن ووٹنگ کے ذریعے ری پبلیکن کی حمایت کو ڈیموکریٹس کے حق میں تبدیل کیا گیا ہے جس پر چار یا سات نہیں بلکہ 47 ڈالر فی ووٹ خرچہ آیا ہے ، یعنی کسی بھی امریکی شہری کے ووٹ کو بدلنے کے لیے 47 ڈالر کی خطیر رقم استعمال کی گئی ہے ۔