کوالا لمپور:
ملیشیا کے سابق وزیر اعظم مہاترمحمد کی صحت خراب سے متعلق متضاد اطلاعات کے بعد ان کے ذاتی ترجمان کا بیان سامنے آگیا ہے۔
ملیشیا کے میڈیا کے مطابق گزشتہ چند دنوں سے مہاتیر محمد کی صحت سے متعلق سوشل میڈیا پر افواہیں گردش کررہی تھیں۔ اس کے جواب میں ٹوئٹر پر ان کے ترجمان آدم مخرز محی الدین نے کہا کہ ڈاکٹر مہاتیر محمد صحت مند اور اپنے گھر پر موجود ہیں۔
ایک اور خبر رساں ادارے ملیشیاکنی نے مہاتیر محمد کی بیٹی کے حوالے سے کہا کہ ان کی صحت ٹھیک ہے ، وہ تندرست ہیں اور ان کے ہسپتال میں داخل ہونے کی افواہیں درست نہیں ہیں۔
دو روز قبل مہاتیر محمد نے ایک فیس بک پوسٹ میں لکھا تھا کہ ان کے خاندان کے ایک شخص کو کورونا وائرس ہوگیا ہے۔ اس پوسٹ میں انہوں نے اپنے ملک کی وزارت صحت کے موجودہ پروٹوکولز کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ ان کا کہنا تھا کہ خاندان میں کورونا وائرس سے متاثر ہونے والے شخص نے اپنے دیگر گھر والوں کو بھی متاثر کردیا۔
مہاتیر محمد نے اپنی اس فیس بک پوسٹ میں حکومت پر زور دیا کہ کورونا وائرس سے متاثر ہونے والے ایسے افراد جن کا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد بھی ان میں علامات ظاہر نہ ہوئی ہوں، انہیں بھی گھروں پر قرنطینہ کرنے کے بجائے اسپتالوں یا طبی مراکز پر رکھا جائے۔