سڈنی:
جنوبی بحرالکاہل میں 7 اعشاریہ 7 شدت کے ہولناک زلزلے کے بعد خطے میں موجود ممالک کو سونامی کے خطرے سے خبردار کردیا گیا ہے۔
غیرملکی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی جغرافیائی سروے کا کہنا ہے کہ بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب نیو کیلوڈونیا کے مشرق میں 415 کلومیٹر دور واؤ کے مقام پر 7 اعشاریہ 7 کا انتہائی شدید زلزلہ آیا۔ زلزلے کے بعد امریکی حکومت کے سونامی وارننگ سینٹر نے خطرناک سونامی کی لہروں کی پیش گوئی جاری کردی تھی۔
وارننگ میں کہا گیا تھا کہ فجی، نیوزی لینڈ اور 80 چھوٹے چھوٹے جزائر پر مشتمل ملک وینواتو سے اونچی لہریں ٹکرانے کا خدشہ ہے۔ فجی کے محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے ساحلوں سے اعشاریہ 3 میٹر اونچی لہریں ٹکرائیں۔
علاوہ ازیں آسٹریلیا کے محکمہ موسمیات نے بھی سونامی کی بلند لہریں پیدا ہونے کی تصدیق کی۔ محکمہ موسمیات نے لارڈ ہوے نامی جزیرے کے رہنے والوں کو سونامی کے خطرے سے متعلق الرٹ بھی جاری کردیا۔
دوسری جانب نیوزی لینڈ کے ادارہ برائے ہنگامی حالات نے بھی بیان جاری کیا ہے جس میں ساحلی علاقوں میں بسنے والی آبادی کو نقل مکانی کرنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔ بیان میں خدشہ ظاہر کیا گیا ہے کہ 7 اعشاریہ 7 شدت کے زلزلے کے بعد ساحلی علاقوں سے خلاف معمول بلند لہریں ٹکرا سکتی ہیں۔
واضح رہے 2004 میں انڈونیشیا کے جزیرے سماٹرا میں آنے والے 9 اعشاریہ 1 شدت کے زلزلے سے پیدا ہونے والی سونامی سے خطے میں 2 لاکھ 20 ہزار افراد کی اموات ہوئی تھیں۔