یہ لیجئے بات کھیل کے میدان سے ازواجی زندگی تک پہنچ گئی ہے، راتوں رات دنیا بھر کی لڑکیاں بھارت اور دوسرے ممالک کی پاکستان کے ہاتھوں کرکٹ کے میدان میں شکست فاش کے بعد پاکستانی نوجوانوں کو پسند کرنا شروع ہوگئی ہیں، کل تک جو لڑکیاں پاکستانی نوجوان کو ”آئی وِل کال یو ” کہہ کر ٹرخادیتی تھیںآج وہ یہ کہہ رہی ہیں کہ تم اپنے گھر اور دفتر دونوں کا نمبر مجھے دے دو. اور خصوصا”پاکستانی لڑکیاں اُنکے مطالبات میں تو دِن دوگنی رات چوگنی اضافہ ہوگیا ہے، وہ کہہ رہی ہیں کہ وہ صرف ایسے لڑکے سے شادی کرینگی جو چھکا مار سکتا ہو، اِسلئے جس پاکستانی نوجوان کو دیکھئے وہ ہاتھ میں بیٹ لے کر میدان کی طرف جارہا ہے،شہنشاہ مغل اعظم محمد اکبر کے بارے میں یہ مشہور تھا کہ جب وہ حجلہ عروسی میں قدم بوس ہوتا تھا تو اُس کے کمر میں تلوار لٹکتی رہتی تھی اور اب پاکستانی نوجوان جب دلہن کے کمرے میں داخل ہوتے ہیں تو اُن کہ ہاتھ میں کرکٹ کا بلّا ہوتا ہے، اوئے بلّے بلّے۔ کل تک جو شاعرانہ مزاج کا حامل تھا آج وہ یہ کہہ رہا ہے کہ نہیں جی اِس سے کام نہیں چلے گا ، اُسے چھکا مارنا سیکھنا ہی پڑیگا۔ ہر نوجوان لڑکیوں کی جمگھٹ میں جاکر یہی ڈینگیں ماررہا ہے کہ اُس نے تو چھکا مارنا بالکل سیکھ لیا ہے ، اور ہوسکتا ہے کہ آئندہ قومی ٹیم میں منتخب بھی ہوجائے، ٹی وی والے اُس کی ا نٹرویو بھی لینے آئے تھے اور کہہ رہے تھے کہ پی سی بی کی ہر میٹنگ میں اُسے منتخب کرنے کی باتیں ہورہی ہیں، کوئی دوسرا نوجوان یہ بگھا رہا ہے کہ آئی پی ایل کے کھیل میں وہ سینچری بنانے سے صرف چھ رن کیلئے رہ گیا تھا، مخالف ٹیم کے بائولر نے ایسی اسپیل بولنگ کی تھی جو اُسکی ٹانگ کی ہڈی کو چٹخ کر رکھ دیا تھا، یہ سن کر اُس کی گرل فرینڈ کہتی ہے کہ ”اُوے میرے پنجاب دی شیرا، آں میں تیری ٹانگ کی مالش کردوں، تیرے ہی جیسے منڈے ملک دی آن رکھتے ہیں” کراچی و لاہور میں تو ملازمین اپنے ساتھ کرکٹ کا بلّا لے کر دفترجانے لگے ہیں. لنچ کے وقت دفتر کی چھت پر چڑھ کر بال کو جس طرح پیٹتے ہیں جس سے معلوم ہوتا ہے کہ چاندماری کے تھیلے پر فائرنگ کی پریکٹس کی جارہی ہو، کراچی میں تو ایک پھیری والے لڑکے نے اپنی پھیری پر ایک بلّا بھی رکھ لیا ہے جہاں کہیں وہ دوسرے لڑکوں کو دیکھتا ہے اُن سے کرکٹ کے بارے میں باتیں کرنے لگتا ہے اور ہر ایک لڑکے کو جتاتا ہے کہ یہ بلّا خالص سیالکوٹ کا بنا ہوا ہے جسے اُس کے ماموں نے بھیجا ہے۔ بلاشبہ ورلڈ کپ میں پاکستان کا کھیل ماضی میں کھیلے جانے والے تمام کھیلوں کو پس پشت کردیا ہے تاہم پاکستان و افغانستان کے مابین کھیلے جانے والا میچ ایک تاریخی تھا، میں نے آج تک اپنی زندگی میں اتنا سنسنی خیز کو ئی میچ نہیں دیکھا ہے، سٹیڈیم میں تو آپ نے پاکستانی خواتین کو دعائیں مانگتے ہوئے ضرور دیکھا ہوگا لیکن اِس میچ کے دوران پاکستانی کھلاڑیوں کے آؤٹ ہونے پر وہ جس طرح زاروقطار رورہیں تھیں ، وہ انتہائی دِلخراش منظر تھا، آصف علی کا چھکا بھی ایک تاریخی کارنامہ ہے ، بعض فینز کے اُڑتے ہوئے بالز کو دیکھ دیکھ کر اُنکی گردنوں میں درد شروع ہوگئی تھی،دوسری جانب بھارتی حکومت کی تنگ نظری واضح طور پر سامنے آگئی ہے، بھارت کے طول وعرض میں اُن لوگوں کو گرفتار کیا جانے لگا ہے جو صرف یہ کہہ رہے ہیں کہ پاکستان کی کرکٹ کی ٹیم نے بھارت کے مقابلے میں نہایت عمدہ کھیل کھیلا تھا آگرا کے انجینئرنگ انسٹیٹیوٹ کے تین مسلمان کشمیری نوجوانوں کو صرف اِسلئے گرفتار کرلیا گیا کیونکہ وہ میچ ختم ہونے کے بعد مسکرارہے تھے،یوپی کے وزیراعلی یوگی ادتیہ ناتھ نے اعلان کیا ہے پاکستان کی جیت پر خوشی منانے والے جن مسلمانوں کو گرفتار کیا گیا ہے اُن پر بغاوت کا مقدمہ چلایا جائیگا، دہلی کے ایک جلسے میں مسلمانوں نے یہ عہد کیا ہے کہ اگر کسی بھی ملک کے جیتنے پر خوشی منانے پر بھارت میں اِسے بغاوت سے تعبیر کیا جانے لگا تو وہ سینکڑوں مرتبہ ایسی بغاوت کرنے کیلئے تیار ہیں۔جب پاکستان و بھارت کا میچ دبئی میں ہورہاتھا تو اُس وقت دہلی میں وزیراعظم نریند مودی اپنی کابینہ کی میٹنگ میں موجود تھے، اُن کی کابینہ کے ایک وزیر نے اُنہیں اطلاع دی کہ پردھان منتری ! کھیل کے ستیاناسی کی خبریں آرہی ہیں، بھارت کے تین سورما صرف 57 رنز پر آؤٹ ہوچکے ہیں۔ مودی یہ سُن کر اُچھل پڑے اور کہا کہ ایسا معلوم ہوتا ہے کہ اُن کی کابینہ کے سارے وزرا صبح اشنان کرکے گھر سے نہیں نکلے ہیں اور نہ ہی شری ستیا نرائن کی کالی پوجا کیا ہے، اُس پر ایک وزیر نے جواب دیا کہ وہ دومرتبہ اشنان کرکے گھر سے نکلے تھے اور کھیل کا مذہب سے کوئی تعلق نہیں ہے، جن کھلاڑیوں نے جتنی محنت کی ہے ، جتنی صلاحیت اُن میں موجود ہے ، اُنہیں اُسکا اتنا ہی صلہ ملے گا، وزیراعظم نریندر مودی نے کہا کہ تعلق ہے، آپ یہ نہیں دیکھ رہے ہیں کہ پڑوس کے ملک میں کتنی دعائیں مانگی جارہی ہیں۔ اُس پر ایک دوسری وزیر نے کہا کہ اگر پڑوس کے ملک کی دعاؤں میں اتنا زیادہ اثر ہے تو ہم لوگوں کو بھی مسلمان ہوجانا چاہئے بعدازاں وزیراعظم نے اپنے تمام وزرا کو حکم دیا کہ وہ گاؤمُترا کا شربت پی کر گھر واپس جائیں، اِس عمل سے آئندہ میچوں میں بھارت کے جیتنے کے امکانات بڑھ جائینگے۔انتہائی افسوس صد افسوس کا مقام ہے کہ بنگلہ دیش کی حکومت نے اپنے ملک کے تمام اخباروں کو حکم دیا ہے کہ ورلڈ کپ میں پاکستان کی جیتنے کی خبروں کو وہ شائع نہ کریں۔