سیمی فائنل؛ کیریبیئنز امیدوں سے جڑے رہنے کیلیے پُرعزم

0
498

مانچسٹر:

ورلڈ کپ میں جمعرات کو بھارت کا سامنا ویسٹ انڈیز سے ہوگا تاہم کیریبیئن سائیڈ سیمی فائنل کی امیدوں سے جڑے رہنے کیلیے پُرعزم ہیں۔

ویسٹ انڈیز کونیوزی لینڈ سے سنسنی خیز میچ میں 5 وکٹ سے شکست ہوئی تھی، ٹیم اب ٹوٹے ہوئے دل کے ساتھ میدان میں اتررہی ہے، گذشتہ مقابلے میں کارلوس بریتھ ویٹ غیرمعمولی اننگز کھیل کر بھی ٹیم کو فتح نہیں دلاسکے تھے اور یہی ابھی تک جیسن ہولڈر الیون کی پورے ٹورنامنٹ میں کہانی رہی ہے۔

آندرے رسل گھٹنے کی انجری کے باعث ٹورنامنٹ سے باہر ہوچکے،اگر مگر کا کھیل ویسٹ انڈیز کو بھی سیمی فائنل کی امیدوں سے جڑے رہنے پر اکسا رہا ہے،وہ بھی ان فارم بھارتی ٹیم کے خلاف بہتر کارکردگی سے ان امیدوں کو برقرار رکھنے کی خواہاں ہے۔

 

کیریبیئن ٹیم کی امیدوں کا محور طویل القامت لیفٹ آرم پیسر شیلڈن کوٹریل ہیں جنھوں نے نیوزی لینڈ کے دونوں اوپنرز کو صفر پر آئوٹ کرتے ہوئے اس مقابلے میں 4 وکٹیں لی تھی۔

ادھر بھارتی بولرز نے افغانستان کے خلاف ہفتے کو کھیلے گئے میچ میں ایک معمولی ہدف کا کامیاب دفاع کرکے میچ وننگ صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا، محمد شامی نے سائوتھمپٹن میں ہیٹ ٹرک کی،اس وجہ سے ان کی الیون میں جگہ برقرار رہنے کاامکان ہے، بھارت ہیمسٹرنگ انجری سے دوچار بھونیشور کمار کی فٹنس پر کوئی خطرہ مول نہیں لینا چاہے گا۔

کوہلی مرکز نگاہ ہونگے جو پہلے ہی 41 ون ڈے سنچریاں اسکور کرچکے اور ویسٹ انڈیز کیخلاف انکی ایوریج 70.77 ہے۔

جمعرات کو موسم خشک اور سورج چمکتا رہے گا، جیسے جیسے کھیل آگے بڑھے گا اسپنرز کو زیادہ مدد ملے گی، اب تک اولڈ ٹریفورڈ میں ٹورنامنٹ کے تینوں میچز میں پہلے بیٹنگ کرنے والی ٹیمیں فاتح رہی ہیں۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here