افغانستان کی مسجد میں بم دھماکا، 2 نمازی شہید اور 20 زخمی

0
213

کابل:

افغانستان کی ایک مسجد میں نماز ظہر کے دوران بم دھماکے میں 2  نمازی شہید اور 20 زخمی ہوگئے، داعش نے دھماکے کی ذمہ داری قبول کرلی۔

افغان میڈیا کے مطابق دھماکا خودکش تھا جو صوبہ غزنی میں واقع محمدیہ مسجد میں نماز ظہر کے دوران زور دار ہوا، نتیجے میں 2 نمازی شہید اور 20 زخمی ہوگئے جن میں سے 3 کی حالت نازک ہے۔ مسجد کا تعلق اہل تشیع مکتبہ فکر سے ہے۔

حملے کے نوعیت کے حوالے سے متضاد دعوے کیے جارہے ہیں، افغان فوج کا کہنا ہے کہ یہ خود کش حملہ تھا تاہم پولیس کا اصرار ہے کہ دھماکا ریموٹ کنٹرول ڈیوائس کے ذریعے کیا گیا۔ عالمی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق دھماکے کی ذمہ داری داعش نے قبول کرلی ہے۔

 

غزنی میں افغان سیکیورٹی فورسز اور طالبان جنگوؤں کے درمیان گھمسان کی جھڑپیں جاری ہیں اور دونوں جانب سے ایک دوسرے کا بھاری نقصان کرنے کا دعویٰ کیا جاتا ہے تاہم دیہ یاک ضلع میں سیکیورٹی فورسز نے جنگجوؤں کو پسپا کردیا ہے۔

واضح رہے کہ دوحہ میں طالبان وفد اور امریکا کے درمیان افغان امن مذاکرات کا ڈرافٹ دوبارہ تیار کیا جا رہا ہے، دوسری جانب جرمنی کی کاوش سے ’آل افغان پیس کانفرنس‘ کا انعقاد بھی ہو رہا ہے تاہم اس کے باوجود افغانستان میں حملوں کا سلسلہ تھم نہیں سکا۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here