چھوٹی سی ضرورت!!!

0
291
رعنا کوثر
رعنا کوثر

ضرورت یہ ایک ایسی چیز ہے جس کا نہ تو کوئی نام ہے نہ ہی کوئی شکل ایک انسان کو دوسرے انسان کی ضرورت کسی بھی شکل میں کسی بھی وقت پڑ سکتی ہے۔ ضرورت چھوٹی ہو یا بڑی لیکن جب بھی کسی کو کسی چیز کی ضرورت ہوتی ہے تو اس وقت اس کے لیے وہ ایک بڑی ضرورت ہوتی ہے آپ کے لیے چاہے وہ ایک چھوٹی سی چیز ہو مگر دوسرے کے لیے وہ ایک بہت بڑا مسئلہ ہوتا ہے اور اس کے اس مسئلے کو حل کرکے آپ نہ صرف دوسرے کی ضرورت پوری کردیتے ہیں بلکہ ہوسکتا ہے کے آپ اس مانگنے والے شخص کو بہت ساری پریشانیوں سے بچا لیں اب رہا یہ سوال کے کیا کسی کی چھوٹی موٹی ضرورت پوری کرکے ہم کو کچھ ثواب ملے گا یا ہم اس کو بگاڑنے کے ذمہ دار ہوں گے اس کا جواب تو یہی ہے کے اگر آپ نے کسی کی ضرورت وقت پر دل سے پوری کی تو ثواب ہی ملے گا۔ آج کل کا زمانہ بدل گیا ہے یایوں کہیے کہ جگہ بدل گئی ہے اس لیے امریکہ میں تو ہم کو اگر چھوٹی چیزوں کی ضرورت محسوس بھی ہو تو ہم کسی نہ کسی طرح بازار جاکر ضرورت پوری کر لیتے ہیں مگر اگر ہم کوکسی گائوں میں رہتے ہیں تو آج بھی یہ ضرورتیں ہمارے ساتھ ہیں مثلاً اگر کسی کے گھر میں نمک ختم ہوگیا عین کھانا پکاتے وقت خاتون خانہ کو یاد آیا کے نمک تو ختم ہوگیا ہے اب کھانا کیسے پکے گا نمک کھانے کی اہم ضرورت ہے اس کے بغیر پورے کھانے کا مزا ہی ختم ہوجاتا ہے ۔اب یہ بھی معلوم ہے کے خاتون کے شوہر نمک کے بغیر نہ صرف کھانا نہیں کھائیں گے بلکہ گھر میں ہنگامہ ہوجائے گا۔ شوہر کے گھر آنے کا ٹائم ہے وہ بھوکے پیاسے گھر میں داخل ہوں گے۔ اب خاتون خانہ نے یہی مناسب سمجھا کے پڑوس سے نمک لے لیا جائے۔ کہنے کو یہ بہت چھوٹی سی ضرورت ہے آپ یہ کہہ کر دروازہ بھی بند کرسکتے ہیں کے نمک ہمارے پاس بھی ختم ہوگیا ہے۔ بعد میں اس خاتون کو برُا بھلا بھی کہہ سکتے ہیں کہ عجیب عورت ہے نمک ختم ہونے کا پتہ بھی نہیں چلا۔ ہوسکتا ہے کے اگر آپ دو چمچے نمک دے دیتے تو اس گھر میں اچھا کھانا پک جاتا، لڑائی بھی نہیں ہوتی یہ چھوٹی ضرورتیں ہیں مگر ان سے بڑے کام ہوتے ہیں مثلاً دیا سلائی جس سے چولہا جلتا ہے اگر ختم ہوجائے اور پڑوسی مانگنے آجائے ہم چاہیں تو انکار کرسکتے ہیں مگر اگر دیا سلائی دے دی جائے تو اس گھر کا چولہا جل سکتا ہے ہوسکتا ہے کے کسی بچے کے لیے دودھ گرم کرنا ہو۔ سوئی دھاگہ ایک چھوٹی سی چیز ہے کوئی اگر آپ کے گھر مانگنے آئے تو آپ سوچیں گے کے عجیب لوگ ہیں سوئی دھاگہ بھی نہیں رکھتے مگر اگر آپ انہیں سوئی دھاگہ دے دیتے ہیں تو ہوسکتا ہے کے وہ کوئی ایسی اہم چیز سی رہے ہوں جس کے بغیر وہ اپنا کپڑا نہ پہن سکتے ہوں ہوسکتا ہے پھٹا کپڑا پہن کر وہ باہر نہ جاسکتے ہوں آپ نے سوئی دھاگہ دے کر انہیں شرمندہ ہونے سے بچا لیا۔ ان کی بہت اہم ضرورت پوری ہوگئی۔
آج کل شاید ہمیں ان سب چیزوں کی ضرورت نہیں ہے یہ بہت چھوٹی اور غیر اہم چیزیں ہیں مگر ہو سکتا ہے کے آپ باہر نکلیں جاب پر جانے کی جلدی ہے کار سٹارٹ نہیں ہوئی آپ کو اس سلسلے میں پڑوسی کی مدد کی ضرورت ہے اس کی ذرا سی مدد آپ کو جاب پر وقت پر پہنچا دے گی۔آپ پورے دن کی کوفت سے بچ جائیں گے۔ آپ جاب پر بیٹھے ہیں اچانک سر میں درد شروع ہوگیا ہوسکتا ہے دوکان بہت دور ہو جہاں آپ Tylenolلیں اب آپ کو اپنے ساتھی سے گولی مانگنی پڑے گی اگر اس نے آپ کی ضرورت پوری کردی تو آپ کا سر درد ہی نہیں ٹھیک ہوگیا بلکہ آپ نے اپنا کام بھی بخوبی نپٹا لیا۔ بظاہر یہ سب چھوٹی چھوٹی ضرورتیں ہیں مگر ایسا لگتا ہے کہ ان کی کوئی خاص اہمیت نہیں ہے۔ ہم مانگنے والے کو کورا جواب بھی دے سکتے ہیں ،ہر آدمی کو اپنے پاس ضرورت کی ہر چیز رکھنی ہی چاہئے۔ ہوسکتا ہے کے ہم اس سلسلے میں بہت زیادہ اصول پسند ہوں مگر کسی کی چھوٹ سی ضرورت ہم کو بہت خاص بنا سکتی ہے۔
٭٭٭٭

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here