واشنگٹن(پاکستان نیوز)دنیا کی امیر ترین شخصیت اور چیف ٹوئیٹ ایلون مسک نے پیشگوئی کی ہے کہ اگر سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو حراست میں لیا گیا تو وہ آئندہ الیکشن میں یکطرفہ مقابلے میں جیت جائیں گے ، سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے یہ خدشہ ظاہر کیا ہے کہ انھیں منگل کو گرفتار کیا جا سکتا ہے اور اس ممکنہ اقدام کے پیش نظر انھوں نے اپنے حامیوں پر زور دیا ہے کہ وہ بڑے پیمانے پر احتجاج شروع کر دیں تاہم ان کے وکیل نے واضح کیا ہے کہ ان کی گرفتاری کے لیے قانون نافذ کرنے والے اداروں نے تاحال کوئی رابطہ نہیں کیا اور سابق صدر نے اپنے اس خدشہ کا اظہار میڈیا رپورٹس سامنے آنے پر کیا ہے۔اطلاعات ہیں کہ استغاثہ کی جانب سے آئندہ ہفتے سابق صدر ٹرمپ پر فرد جرم عائد کرنے پر غورکیا جا رہا ہے۔ اگر ان پر فرد جرم عائد کر دی جاتی ہے تو یہ کسی سابق امریکی صدر کے خلاف پہلا مجرمانہ کارروائی کا مقدمہ (کریمینل کیس) ہوگا ناقدین کے مطابق یہی وہ لمحہ ہوگا جوکہ سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو عوام اور ان کے حامیوں میں اور زیادہ مقبول بنائے گا اور وہ 2024 کے الیکشن میں کامیابی حاصل کرنے کے لیے موزوں ترین امیدوار بن جائیں گے۔