ماسکو(پاکستان نیوز) فن لینڈ کی نیٹو میں شمولیت سے روس کا سخت ردعمل سامنے آیا ہے ، روس کے صدارتی ترجمان دیمتری پیسکوف نے کہا کہ ہماری دشمنوں پر کڑی نظر ہے، جواب دینے میں تاخیر نہیں کریں گے ، واضح رہے کہ فن لینڈ باضابطہ طور پر نیٹو میں شامل ہوگیا اور اس کا جھنڈا فوجی اتحاد کے برسلز ہیڈ کوارٹر کے باہر لہرا دیا گیا جبکہ اس تاریخی تبدیلی پر روس کی جانب سے ‘جوابی اقدامات’ کا خطرہ لاحق ہو گیا ہے۔غیر ملکی خبر رساں ادارے ‘رائٹرز ‘ کی رپورٹ کے مطابق فن لینڈ کے نیٹو کے ساتھ الحاق کے بعد روس کے ساتھ فوجی اتحادی ممالک کی مشترکہ سرحد کی لمبائی تقریباً دوگنی ہوگئی ہے جبکہ روس یوکرین جنگ کا فوری کوئی حل نظر نہیں آرہا۔فن لینڈ کے وزیر خارجہ نے نیٹو ہیڈکوارٹر میں امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن کو ایک سرکاری دستاویز سونپ کر الحاق کا عمل مکمل کیا۔فن لینڈ کا جھنڈا فوری اتحاد کے 30 دیگر اراکین کے ساتھ لہرایا گیا جبکہ اس دوران فوجی بینڈ بج رہا تھا۔