پاکستانی کرکٹ کا نیا چہرہ کیسا ہو ؟ 2 اگست کو بڑوں کی بیٹھک

0
90

لاہور:

پاکستان کرکٹ کا نیا چہرہ کیسا ہو؟ بڑوں کی بیٹھک2اگست کو ہوگی،ابھی تک غیر فعال نظر آنے والی کرکٹ کمیٹی کا اجلاس این سی اے میں ہونا ہے، اس دوران ورلڈکپ سمیت قومی ٹیم کی گذشتہ3سال کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے بعد مستقبل کی راہوں کا تعین کیا جائے گا۔

چیف سلیکٹر، کوچ اور کپتان کے حوالے اہم تجاویز پر غور ہوگا، ایم ڈی وسیم خان کی زیر صدارت ہونے والی میٹنگ میں مصباح الحق، عروج ممتاز، ذاکر خان، مدثر نذر اور ہارون رشید شرکت کریں گے، وسیم اکرم ویڈیو لنک کے ذریعے کارروائی کا حصہ بنیں گے،چیف سلیکٹر کا عہدہ چھوڑنے کا اعلان کرنے والے انضمام الحق، ہیڈ کوچ مکی آرتھر اور کپتان سرفراز احمد کو بھی مدعو کیاگیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق پی سی بی نے کرکٹ معاملات میں سدھار لانے کیلیے سفارشات تیار کرنے کا ذمہ محسن حسن خان کی زیرسربراہی قائم شدہ کمیٹی کو سونپا لیکن اس کا عملی طور پر کوئی کردار نظر نہیں آیا،برائے نام3میٹنگز میںکوئی پیش رفت نہیں ہوئی، ڈومیسٹک کرکٹ کے معاملات میں بھی کمیٹی سے رائے لینے کی ضرورت محسوس نہیں کی گئی،8ماہ تک غیر فعال نظر آنے والی باڈی کے سربراہ محسن حسن خان نے گذشتہ ماہ استعفیٰ دیدیا تو پہلے سے ہی بے پناہ اختیارات کے مالک پی سی بی کے ایم ڈی وسیم خان کو سربراہی سونپ دی گئی۔

 

ورلڈکپ کی ناکام مہم کے بعد پاکستان کرکٹ میں تبدیلیوں کی لہر یقینی ہے، چیف سلیکٹر انضمام الحق کا عہدہ چھوڑ دینا اس سلسلے کی پہلی کڑی ہے، ہیڈ کوچ مکی آرتھر اور معاون اسٹاف کے مستقبل کا فیصلہ ہونا ابھی باقی ہے، کپتان سرفراز احمد کو صرف ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ تک محدود کرنے کی تجاویز اور ٹیسٹ و محدود اوورزکی کرکٹ کیلیے الگ کوچز رکھنے پر بھی غور کیا جارہا ہے، ان سب معاملات کا جائزہ 2اگست کو ہونے والے کرکٹ کمیٹی کے اجلاس میں لیا جائے گا، وسیم خان کی صدارت میں ہونے والی اس میٹنگ میں سابق کپتان مصباح الحق، قومی ویمنز ٹیم کی سابق کپتان عروج ممتاز، ڈائریکٹر انٹرنیشنل کرکٹ ذاکر خان، ڈائریکٹر کرکٹ اکیڈمیز مدثر نذر، ڈائریکٹر ڈومیسٹک کرکٹ ہارون رشید شرکت کریں گے۔

وسیم اکرم ویڈیو لنک کے ذریعے کارروائی کا حصہ بنیں گے،چیف سلیکٹر کا عہدہ چھوڑنے کا اعلان کرنے والے انضمام الحق، ہیڈ کوچ مکی آرتھر اور کپتان سرفراز احمد کو اجلاس میں شرکت کی دعوت دی گئی ہے، تینوں قومی ٹیم کی کارکردگی، مسائل اور مستقبل کی ضروریات کے حوالے سے رائے دیںگے، ورلڈکپ کے بعد جنوبی افریقہ روانہ ہونے والے مکی آرتھر کی اجلاس سے 1،2 روز قبل پاکستان آمد متوقع ہے،میٹنگ میں کمیٹی ٹیم کی کارکردگی کا پوسٹ مارٹم کرنے کے بعد سفارشات مرتب کرکے چیئرمین پی سی بی احسان مانی کو بھجوائے گی۔

ان کی روشنی میں پاکستان کرکٹ کے مستقبل کی راہوں کا تعین ہوگا۔پی سی بی کی جانب جاری کردہ پریس ریلیز میں واضح کیا گیا کہ میٹنگ کی کارروائی کے دوران میڈیا کو صرف تصاویر اور وڈیوز بنانے کی اجازت ہوگی، بعد ازاں کوئی بریفنگ بھی نہیں دی جائے گی،کمیٹی اپنی سفارشات تیار کرکے چیئرمین پی سی بی کے حوالے کردے گی۔ میٹنگ میں نہ صرف قومی مینز بلکہ ویمنز، انڈر16اور انڈر19ٹیموں کی کارکردگی کا جائزہ لیتے ہوئے سفارشات مرتب کی جائیں گی۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here