پاکستان قابل اعتماد دوست،عالمی ، علاقائی چیلنجوں سے نمٹنے میں امریکہ ساتھ کھڑا رہیگا:بائیڈن

0
8

واشنگٹن(پاکستان نیوز) صدر جو بائیڈن کا کہنا ہے پاک امریکہ دوستی کئی دہائیوں پر محیط ہے ، پاکستان ہمارا قابل اعتماد دوست ملک ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بلیئر ہاس میں منعقدہ مختصر تقریب میں نئے پاکستانی سفیر رضوان سعید شیخ کی سفارتی اسناد کی وصولی کے موقع پر کیا۔ انہوں نے کہا ہماری مضبوط پارٹنرشپ نہ صرف دونوں ممالک بلکہ عالمی برادری کیلئے بھی بہت اہم ہے ، عالمی اور علاقائی چیلنجوں سے نمٹنے کے حوالے سے امریکہ پاکستان کیساتھ کھڑا رہے گا،دونوں ممالک موسمیاتی تبدیلیوں، علاقائی سلامتی کے خطرات اور عالمی صحت سے متعلقہ کئی چیلنجوں کا سامنا کرنے کیلئے متحد ہیں،ہمیں سکیورٹی ، تجارت اور سرمایہ کاری، اقتصادی ترقی، یو ایس پاکستان ‘گرین الائنس’ کے فریم ورک اور خوشحالی میں مشترکہ مفادات کو اجاگر کرتے رہنا چاہیے ، دونوں ممالک کے درمیان تعلقات علاقائی استحکام اور سلامتی کیلئے بہت اہم ہیں،ہم دہشتگردی کے خطرات سے نمٹنے کیلئے پاک امریکہ تعاون کو سراہتے ہیں، امریکہ پاکستان سے دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی خواہش رکھتا ہے ، ان کی انتظامیہ دونوں ممالک کے درمیان مشترکہ ایجنڈے کو آگے بڑھانے اور تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے حوالے سے نئے پاکستانی سفیر کیساتھ کام کرنے کی خواہاں ہے ۔پاکستانی سفیر نے صدر، وزیراعظم اور پاکستانی عوام کی طرف سے امریکی قیادت اور عوام کیلئے خیر سگالی کا پیغام دیتے ہوئے کہاکہ پاکستان اور امریکہ کے درمیان تعاون اور لازوال تعلقات کی ایک تاریخ ہے ، دونوں ممالک کے تعلقات میں مزید وسعت اور مضبوطی آرہی ہے ، موسمیاتی تبدیلی، توانائی، صحت، تجارت اور سرمایہ کاری کے شعبہ جات میں دوطرفہ تعاون فروغ پا رہے ہیں، ہماری بھرپور توجہ پاک امریکہ اقتصادی شراکت داری پر مرکوز ہے اور امریکہ پاکستانی برآمدات کیلئے بدستور سب سے بڑی منڈی ہے ، پاکستان امریکہ کیساتھ تجارت بڑھانے اور متبادل توانائی، گرین ٹیکنالوجی، صنعت، ڈیجیٹل پلیٹ فارمز، اعلی تعلیم اور باہمی فوائد کے دیگر شعبوں میں امریکی سرمایہ کاری کیلئے تیار ہے ۔ انہوں نے امریکہ میں مقیم پاکستان کمیونٹی کے اہم کردار کو اجاگر کرتے ہوئے انہیں دونوں ممالک کے درمیان ایک پل قرار دیا۔ پاکستانی سفیر نے تعلقات کو نئی تحریک دینے اور باہمی مفادات کو فروغ دینے کیلئے سکیورٹی اور دیگر شعبوں میں منظم، وسیع البنیاد اور نتیجہ خیز ڈائیلاگ کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ تقریب کے اختتام پر صدر بائیڈن نے پاکستانی سفیر رضوان سعید کی واشنگٹن میں تعیناتی کا خیر مقدم کیا۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here