واشنگٹن(پاکستان نیوز) جریدے فوربز نے دنیا کے امیر ترین افراد کی تازہ ترین فہرست جاری کی ہے، جس میں ٹیکنالوجی کے شعبے کے بڑے نام نمایاں ہیں۔ دنیا کی ٹاپ 4 امیر ترین شخصیات میں ایلون مسک کی مجموعی دولت 425.2 ارب ڈالر بتائی گئی ہے، جو جو ٹیسلا، اسپیس ایکس، ایکس اور کئی دیگر کمپنیوں اور بڑے منصوبوں کے مالک ہیں۔ اس طرح وہ دنیا کے امیر ترین فرد کے طور پر پہلی پوزیشن پر برقرار ہیں۔ جیف بیزوس کی مجموعی دولت 241 ارب ڈالر ہے۔ ایمازون کے بانی جیف بیزوس نے ای کامرس کی دنیا میں انقلاب برپا کیا اور وہ امیر ترین افراد کی فہرست میں دوسرے نمبر پر ہیں۔ اسی طرح مارک زکربرگ کی مجموعی دولت 217.7 ارب ڈالر ہے۔ میٹا (فیس بک، انسٹاگرام، واٹس ایپ) کے بانی مارک زکربرگ جو دنیا کی سب سے بڑی سوشل میڈیا کمپنی کے سربراہ ہیں، اس فہرست میں تیسرے نمبر پر ہیں۔ لیری ایلیسن کی مجموعی دولت 209 ارب ڈالر بتائی گئی ہے۔ اوریکل کے بانی لیری ایلیسن ٹیکنالوجی اور ڈیٹا بیس کے میدان میں اپنی بڑی خدمات کی وجہ سے چوتھی پوزیشن پر موجود ہیں۔ واضح رہے کہ ٹیکنالوجی، ای کامرس اور سوشل میڈیا کے شعبوں میں نمایاں افراد نے امیر ترین لوگوں کی فہرست پر غلبہ حاصل کیا ہے۔فوربز کی اس رپورٹ کے مطابق ایلون مسک کی دولت میں اسپیس ایکس اور ٹیسلا کے شیئرز کی وجہ سے بڑا اضافہ ہوا ہے۔ اسی طرح جیف بیزوس اور مارک زکربرگ اپنی کمپنیاں مستحکم کرنے اور نئی ٹیکنالوجی متعارف کرانے میں مصروف ہیں، جو ان کی دولت میں اضافے کی ایک بڑی وجہ بن رہی ہے۔