لاہور(پاکستان نیوز) ایک ہی سال میں 2 مرتبہ رمضان المبارک کی آمد، ایسا کب ہو گا؟، ماہرین فلکیات کی پیشن گوئی کے مطابق چند سال بعد کروڑوں مسلمان ایک ہی سال کے دوران 2 مرتبہ رمضان المبارک کا استقبال کریں گے۔ تفصیلات کے مطابق دبئی سے منسلک فلکیات گروپ کے چیف ایگزیکٹو حسن احمد الہریری کے مطابق قمری مہینے ہر سال 10 سے 11 دن آگے بڑھتے ہیں، جس کے باعث 2030 میں پہلا رمضان 4 جنوری کو اور دوسرا رمضان 26 دسمبر کو شروع ہونے کا امکان ہے۔ اس کا مطلب ہے کہ مسلمان ایک ہی عیسوی سال میں 36 روزے رکھیں گے۔ آخری بار 1997 میں ایک عیسوی سال میں دو مرتبہ رمضان المبارک آیا تھا، اور 2030 کے بعد یہ دوبارہ 2063 سے پہلے ممکن نہیں ہوگا۔ رمضان المبارک کے آغاز کے حوالے سے ماہرین فلکیات کی جانب سے ایک اور دلچسپ انکشاف کرتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ اس سال رمضان المبارک میں ایک ایسا واقعہ رونما ہو گا، جو 33 سال میں نہیں ہوا۔ ماہرین فلکیات کے مطابق رواں سال دنیا کے کئی ممالک میں یکم مارچ کو رمضان المبارک کے آغاز کا قوی امکان ہے۔ یوں 33 سال بعد پہلی مرتبہ ایسا ہو گا جب رمضان المبارک اور عیسوی سال کا کوئی مہینہ ایک ساتھ شروع ہوں گے۔ ماہرین فلکیات کا کہنا ہے کہ ایسا ہر 33 سال بعد ہوتا ہے یہ چاند اور سورج کے مداروں میں چکر میں ایک نایاب ہم آہنگی کی وجہ سے ہوتا ہے۔ فلکیاتی ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ نادر لمحہ چاند اور زمین کی حرکتوں میں غیر معمولی ریاضیاتی درستگی کو ظاہر کرتا ہے۔ یاد رہے کہ پاکستان سمیت دنیا بھر میں رمضان المبارک کے آغاز میں اب صرف ایک ہفتہ سے بھی کم وقت باقی ہے۔ پاکستان اور سعودی عرب میں رمضان المبارک کے چاند کی رویت سے متعلق سپارکو ماہرین کی پیشن گوئی سامنے آئی ہے۔ سپارکو ترجمان کے مطابق نیا چاند 28 فروری 2025 کو پاکستان کے معیاری وقت کے مطابق پانچ بج کر 45 منٹ پر ہو گا اور 28 فروری کو غروب افتاب کے وقت چاند کی عمر 12 گھنٹے ہوگی۔