اسلام آباد(پاکستان نیوز)پاکستانی میڈیا کی جانب سے صدر ٹرمپ کے دورہ جنوبی ایشیا سے متعلق خبریں جھوٹی نکلیں، دو چینلز نے اس حوالے سے اپنی خبریں واپس لے لی ہیں اور واضح طور پر تردید کا اعلان کیا ہے ، ان میں سے ایک چینل نے معافی مانگ لی ہے، وائٹ ہاؤس نے ان رپورٹس کو مسترد کر دیا تھا، وائٹ ہاؤس کے ایک اہلکار نے کہا کہ اس وقت پاکستان کا دورہ طے نہیں ہوا ہے۔جیو اور اے آر وائی نیوز چینلز نے جمعرات کو پہلے کہا تھا کہ ٹرمپ کا ستمبر میں پاکستان کا دورہ متوقع ہے لیکن بعد میں دونوں نے اپنی رپورٹ واپس لے لی۔جیو نیوز نے بغیر تصدیق کے خبر نشر کرنے پر اپنے ناظرین سے معذرت کر لی، اے آر وائی کے ایک سینئر انتظامی اہلکار نے رائٹرز کو بتایا کہ دفتر خارجہ کی جانب سے اس دورے کے بارے میں کوئی علم نہ ہونے کے بعد خبر سے پیچھے ہٹ گئے ہیں۔جارج ڈبلیو بش 2006 میں پاکستان کا دورہ کرنے والے آخری امریکی صدر تھے۔امریکہ اور پاکستان کے تعلقات میں اس وقت بڑا فروغ دیکھنے میں آیا جب ٹرمپ نے گزشتہ ماہ وائٹ ہاؤس میں پاکستان کے آرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر کی ایک بے مثال ملاقات میں میزبانی کی۔












