غزہ(پاکستان نیوز) غزہ میں گزشتہ شب اسرائیلی فضائی حملے میں شہید ہونے والے الجزیرہ کے پانچ صحافیوں کی تدفین کر دی گئی ہے۔ عینی شاہدین کے مطابق شہدا کی میتیں سفید کفن میں لپٹی ہوئی تھیں، جن پر ان کے صحافتی جیکٹس رکھے گئے تھے۔ جنازے میں بڑی تعداد میں شہری اور مقامی صحافی شریک ہوئے، جن میں سے کئی افراد غم سے نڈھال اور دیگر دعاں میں مشغول دکھائی دیے۔ الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق اس فضائی حملے میں کل سات افراد جاں بحق ہوئے، جن میں پانچ صحافی اس کے چینل سے وابستہ تھے۔ حملے میں جاں بحق ہونے والوں میں 28 سالہ رپورٹر انس الشریف بھی شامل تھے۔ جن کے بارے میں اسرائیلی فوج کا دعوی ہے کہ وہ حماس کے ایک دہشت گرد سیل کے سربراہ تھے۔ تاہم، اسرائیلی حکام کی جانب سے اس دعوے کے حق میں تاحال کوئی ٹھوس ثبوت پیش نہیں کیا گیا۔ الجزیرہ نے اپنے بیان میں اس حملے کو صحافت پر ایک اور سنگین حملہ اور پیشگی منصوبہ بندی کے تحت کی گئی ٹارگٹ کلنگ قرار دیا ہے۔ ادارے کا کہنا ہے کہ یہ حملہ آزادی صحافت کو دبانے کی ایک اور کوشش ہے۔ دوسری جانب، عالمی سطح پر فلسطینی عوام کی حمایت میں ایک اور اہم پیشرفت دیکھنے میں آئی ہے، جہاں آسٹریلیا نے اقوام متحدہ میں اگلے ماہ فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے کا اعلان کیا ہے۔ اس سے قبل برطانیہ، فرانس اور کینیڈا بھی اسی نوعیت کے اعلانات کر چکے ہیں۔









