عمران نے مذاکرات کی تجویز مسترد کردی معافی واحد حل، حکومت

0
99

اسلام آباد(پاکستان نیوز) عمران خان کے سماجی رابطوں کے پلیٹ فارم ”ایکس” پر جاری کردہ تازہ ترین بیان نے عملاً محمود خان اچکزئی کی جانب سے مذاکرات کی اپیل کو مسترد کر دیا ہے، ساتھ ہی پی ٹی آئی کے سیکرٹری اطلاعات نے واضح کیا ہے کہ احتجاجی تحریک سے متعلق عمران خان کی ہدایت ہی حتمی ہوگی اور اسی پر عمل کیا جائے گا۔ دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف کے قریبی ذرائع کا کہنا ہے کہ 9 مئی کے واقعات اور عمران خان اور پارٹی کے سوشل میڈیا پر فوج مخالف مہم پر اظہارِ ندامت یا معذرت کے بغیر پی ٹی آئی کے ساتھ بامعنی مذاکرات ممکن نہیں۔ اس حوالے سے رابطہ کرنے پر پی ٹی آئی کے سیکرٹری اطلاعات شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ چونکہ احتجاجی تحریک کی پالیسی براہِ راست پارٹی قائد عمران خان کی جانب سے آئی ہے، لہٰذا وہی نافذالعمل ہوگی۔ ان کا کہنا تھا کہ محمود خان اچکزئی مذاکرات سمیت اپنی سیاسی سرگرمیاں جاری رکھ سکتے ہیں، تاہم پی ٹی آئی قیادت عمران خان کی تازہ ہدایات کی پابند ہے۔ شیخ وقاص اکرم کے مطابق عمران خان نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کو ہدایت دی ہے کہ وہ قانون کی حکمرانی اور آئین کی بالادستی کیلئے احتجاجی تحریک کی تیاری کریں۔ اپوزیشن اتحاد کی جانب سے گزشتہ روز منعقدہ قومی کانفرنس میں اتحاد کے سربراہ محمود خان اچکزئی نے کہا کہ آئین کو چیتھڑوں میں تبدیل کر دیا گیا ہے۔ اس نازک مرحلے پر، انہوں نے سابق وزیراعظم نواز شریف اور جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن سے اپیل کی کہ وہ آگے آئیں اور ملک کو بحران سے نکالنے کیلئے مذاکرات کا آغاز کریں۔

 

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here