واشنگٹن(پاکستان نیوز) انڈونیشیا نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے امن منصوبے کے تحت غزہ میں فوج بھیجنے کا اعلان کر دیا۔ انڈونیشی آرمی چیف نے کہا 8 ہزار فوجی غزہ جائیں گے۔ انڈونیشیا کے صدارتی ترجمان پراسیٹو ہادی نے کہا غزہ کے لیے مجوزہ کثیر ملکی امن فورس میں مجموعی طور پر تقریبا 20 ہزار فوجی شامل ہو سکتے ہیں، جن میں سے انڈونیشیا 8 ہزار فوجی فراہم کر سکتا ہے۔ تفصیلات سامنے آنے کے بعد ہی فوجی تعیناتی پر حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔ امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے مغربی کنارے پر اسرائیلی قبضے کی مخالفت کر دی۔ وائٹ ہائو س کے عہدیدار نے بتایا صدر ٹرمپ مغربی کنارے پر اسرائیلی قبضے کی مخالفت کرتے ہیں اور وہ سمجھتے ہیں کہ مغربی کنارے میں استحکام سے اسرائیل محفوظ رہیگا۔ فلسطینی صدر محمود عباس نے ریاست فلسطین کے عبوری آئین کے پہلے مسودے کو شائع کرنے اور اسے دستور ساز قومی کمیٹی کے مخصوص الیکٹرانک پلیٹ فارم اور کمیٹی کے مقرر کردہ اشاعتی ذرائع کے ذریعے عوامی مطالعہ کے لیے دستیاب کرنے کا حکم دے دیا۔ اشاعت کا مقصد مشاورت کو توسیع دینا ہے۔ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل گیوٹریس نے مغربی کنارے میں اسرائیلی اقدام کی شدید مذمت کی اور کہا کہ یہودی بستیوں کی تعمیرعالمی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے، اسرائیل مغربی کنارے پر قبضے سے متعلق فیصلہ واپس لے۔ برطانوی حکومت کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ مغربی کنارے پر قبضے کو وسعت دینے کے اسرائیلی کابینہ کے فیصلے کی مذمت کرتے ہیں، فلسطین کی جغرافیائی ساخت کو یکطرفہ طور پر تبدیل کرنے کی کوشش ناقابل قبول ہے۔ اسرائیل سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ ان فیصلوں کو فوری طور پر واپس لے۔ اسرائیل کی غزہ میں بربریت جاری رہی اور صہیونی فوج نے مزید 4 فلسطینی شہید کر دیئے۔ غزہ سٹی میں بے گھر افراد کی عمارت کو نشانہ بنایا گیا۔ آسٹریلیا میں اسرائیلی صدر اسحاق ہرزوگ کے دورے کے خلاف ہونے والا احتجاج تشدد کا رخ اختیار کر گیا، جس کے بعد سڈنی پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے آنسو گیس اور مرچوں والا اسپرے استعمال کیا۔ احتجاج میں ہزاروں افراد شریک تھے۔ مظاہرین پر آنسو گیس اور مرچوں والا سپرے استعمال کیا گیا اور متعدد افراد کو حراست میں لے لیا گیا۔ اسرائیلی فوج نے کہا ہے کہ اس نے جنوبی لبنان میں ایک ہدفی کارروائی میں الجماعة الاسلامیہ کے ایک سینئر رکن کو گرفتار کر کے اسرائیل منتقل کر دیا ہے۔ اس رکن کو ہر دوف کے علاقے میں انٹیلی جنس پر مبنی ہدفی کارروائی کے دوران گرفتار کیا گیا۔ امریکی میڈیا نے بتایا تھا کہ واشنگٹن میں شیڈول میٹنگ کیلئے ارکان کو دعوت نامے ارسال کر دیئے ہیں۔ میٹنگ کا ایجنڈا ابھی سامنے نہیں لایا گیا۔ امریکی سینٹرل کمان (سینٹ کام)نے لبنانی فوج کی جانب سے گذشتہ دو ماہ کے دوران دوسری بار حزب اللہ کی زیر زمین سرنگ دریافت کرنے پر لبنانی فوج کی کارکردگی کو سراہا اور کہا حزب اللہ کی سرنگوں کا خاتمہ لبنان کے استحکام کے لیے اہم قدم ہے۔













