نیویارک (پاکستان نیوز)نیویارک میں ڈنکن ڈونٹس کی فرنچائز پر کام کرنیوالے سیکڑوں ملازمین کے لیے بڑی خوشخبری سامنے آئی ہے جہاں انتظامیہ کو مزدوروں کے حقوق کی خلاف ورزی پر پندرہ لاکھ ڈالر سے زائد کا جرمانہ ادا کرنا پڑے گا۔نیویارک سٹی کے محکمہ برائے تحفظ صارفین و ورکرز کی دو سالہ تحقیقات کے بعد یہ انکشاف ہوا کہ مین ہٹن اور کوئینز میں درجنوں شاخیں چلانے والی کمپنی سالز مینجمنٹ باقاعدگی سے شہر کے لیبر قوانین کی خلاف ورزی کر رہی تھی۔ رپورٹ کے مطابق ملازمین کے کام کے اوقات کار کسی پیشگی اطلاع کے بغیر تبدیل کر دئیے جاتے تھے اور انہیں قانون کے مطابق 14 دن قبل مطلع کرنے کی زحمت بھی نہیں کی جاتی تھی۔ اس تصفیے کے تحت کمپنی متاثرہ 760 ملازمین کو مجموعی طور پر 15 لاکھ ڈالر کی رقم بطور ہرجانہ ادا کرے گی جبکہ اس کے علاوہ 155000 ڈالر جرمانہ بھی سرکاری خزانے میں جمع کرایا جائے گا۔ محکمہ نے واضح کیا ہے کہ فاسٹ فوڈ کے شعبے میں کام کرنے والے ایسے تمام افراد جن کے اوقات کار کے حقوق پامال ہو رہے ہیں وہ فوری طور پر آن لائن پورٹل یا ای میل کے ذریعے اپنی شکایات درج کروا سکتے ہیں تاکہ ان کا ازالہ کیا جا سکے۔














