کیمبرج سلیبس میں ریاضی کی کتاب لکھنے والے پاکستانی ٹیچر

0
68

لندن (پاکستا ن نیوز) 2019 میں معروف ترین کیمبرج یونیورسٹی کے ڈیڈیکیٹڈ (پرعزم ترین) ٹیچر کا ایوارڈ جیتنے والے پاکستانی استاد احمد سایا نے ملک کا نام ایک بار پھر روشن کرتے ہوئے کیمبرج کی آفیشل ریاضی کی بک لکھنے کا اعزاز حاصل کرلیا۔احمد سایا نے کیمبرج کی او لیول کی میتھمیٹکس (ریاضی) کی کورس بْک ڈین چالمرز کے ساتھ مشترکہ طور پر تحریر کی ہے اور 25 مئی کو اس کا باضابطہ طور پر اجرا کردیا گیا ہے۔ڈان نیوز ڈاٹ ٹی وی سے بات کرتے ہوئے احمد سایا نے کتاب کی تحریر کو اپنے لیے باعث فخر قرار دیتے ہوئے اس اعزاز پر اللہ کا شکر ادا کیا اور اپنی اس کامیابی کو والدین اور اہلخانہ کی دعاؤں کا نتیجہ قرار دیا۔کتاب کے نئے ایڈیشن پر روشنی ڈالتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ وہ پہلی کتاب ہے جو نصاب کے مطابق بنائی گئی ہے، اس سے قبل جتنے بھی پبلشرز کی جتنی بھی کتابیں آئیں وہ نصاب کے مطابق نہیں تھیں۔انہوں نے کہا کہ دوسرا یہ کہ اس کتاب میں پریکٹس کے ساتھ ساتھ ایکٹیوٹی بیسڈ لرننگ (سرگرمی پر مبنی تعلیم) کو بھی مدنظر رکھا گیا ہے، عام طور پر ریاضی کی کتابوں میں یا تو پریکٹس مٹیریل زیادہ ہوتا ہے یا ایکٹیوٹی بیسڈ لرننگ ہوتی ہے، دونوں چیزیں متوازن طور پر نہیں ہوتیں لیکن اس کتاب میں دونوں کو اہمیت دی گئی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ کتاب میں مضامین کی ترتیب 2025 کے نصاب کے عین مطابق ہے، اسے استعمال کرنے کے دو طریقے ہیں، پہلا یہ کہ اسے گریڈ 10 اور 11 یعنی دو سال میں استعمال کیا جاسکتا ہے، دوسرا طریقہ ایک سال میں اسے مکمل پڑھانے کا ہے کیونکہ پاکستان میں طلبہ کو او لیول کے آخری سال میں پورا نصاب ایک ساتھ پڑھنا ہوتا ہے اس لیے طلبہ اس کتاب کو مکمل پڑھ کر اپنے امتحان کی تیاری کر سکتے ہیں۔احمد سایا نے کہا کہ اس کتاب کی ایک خصوصیت یہ بھی ہے کہ دیگر پبلشرز کی کتابوں میں مضامین بیترتیب ہیں، مثلاً ایک مضمون کئی کتابوں میں موجود ہے لیکن اس کتاب میں ایک مضمون کے تمام حصوں کو یکجا کردیا گیا ہے۔یاد رہے کہ پرعزم ترین ٹیچر کا ایوارڈ جیتنے کے حوالے سے کیمبرج یونیورسٹی کی ویب سائٹ پر شائع ہونے والی تفصیلات میں کہا گیا تھا کہ احمد سایا طلبہ کی تعمیر و ترقی میں اپنا کردار ادا کرنے والے سال 2019 کے بہترین استاد ہیں۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here