ایران کیساتھ مذاکرات میںاہم پیش رفت متعدد تجاویز پر اتفاق ہو گیا

0
5

واشنگٹن (پاکستان نیوز)امریکہ اور ایران کے درمیان جاری پس پردہ مذاکرات میں بڑی پیش رفت سامنے آئی ہے جہاں وائٹ ہاؤس کی ترجمان کیرولین لیوٹ نے دعویٰ کیا ہے کہ تہران نے نجی بات چیت کے دوران واشنگٹن کی جانب سے پیش کی جانے والی متعدد تجاویز پر اتفاق کر لیا ہے۔ پریس بریفنگ کے دوران ترجمان کا کہنا تھا کہ ایران کے ساتھ جنگی صورتحال کے خاتمے کے لیے مثبت بات چیت کا سلسلہ جاری ہے اور اس حوالے سے 4 سے 6 ہفتوں کی ٹائم لائن اب بھی برقرار ہے۔ دوسری جانب صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کی داخلی صورتحال پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کا خیال ہے کہ مجتبیٰ خامنہ ای زندہ ہیں تاہم ان کی صحت کافی ناساز ہے۔ صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ نجی طور پر کہی گئی باتوں اور عوامی بیانات میں واضح فرق ہوتا ہے، اس لیے ایران نے ذاتی طور پر جو یقین دہانیاں کرائی ہیں ان کو باریک بینی سے جانچا جائے گا۔ صدر ٹرمپ 6 اپریل کی مقررہ مدت سے قبل ایران کے ساتھ ایک جامع معاہدہ کرنے کے خواہشمند ہیں۔ وائٹ ہاؤس کی جانب سے یہ اشارہ بھی دیا گیا ہے کہ صدر ٹرمپ مستقبل میں عرب ممالک سے جنگی اخراجات میں مالی مدد فراہم کرنے کا مطالبہ کر سکتے ہیں جبکہ ان کے آئندہ دورہ چین میں کابینہ کے اہم حکام بھی ہمراہ ہوں گے۔ اسی دوران امریکی عہدیدار اسکاٹ بیسینٹ نے واضح کیا کہ امریکا آبنائے ہرمز پر دوبارہ اپنا کنٹرول حاصل کر لے گا کیونکہ واشنگٹن ایران کی جانب سے اس بحری گزرگاہ پر ٹول ٹیکس لینے کے حق میں نہیں ہے۔ توقع ظاہر کی جا رہی ہے کہ آئندہ چند روز کے دوران آبنائے ہرمز سے 20 تجارتی ٹینکرز گزریں گے جو خطے میں بحری آمد و رفت کی بحالی کی جانب ایک اہم قدم ہوگا۔

 

 

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here