ٹرمپ کی مقبولیت میں ریکارڈ کمی

0
4

نیویارک (پاکستان نیوز) ایران کیخلاف جنگی اقدامات کے باعث امریکی صدر کی عوامی مقبولیت میں غیر معمولی کمی واقع ہوئی ہے اور اب صرف تینتیس فیصد عوام ان کی کارکردگی سے مطمئن دکھائی دیتے ہیں۔یونیورسٹی آف میساچوسٹس ایمہرسٹ کے تازہ ترین سروے کے مطابق باسٹھ فیصد امریکی شہریوں نے صدر ٹرمپ کی مجموعی کارکردگی پر شدید عدم اطمینان کا اظہار کیا ہے جبکہ محض تینتیس فیصد افراد نے ان کے اقدامات کو درست قرار دیا ہے۔ ایران کے حوالے سے جاری جارحانہ پالیسیوں پر عوامی ردعمل خاصا منفی رہا ہے جہاں سروے میں شامل ترسٹھ فیصد افراد نے جنگی کارروائیوں کو مسترد کر دیا ہے اور صرف انتیس فیصد نے صدارتی پالیسی کی حمایت کی ہے۔ رپورٹ کے مطابق امریکی عوام کی بڑی تعداد نے صرف خارجہ امور ہی نہیں بلکہ ملک کی اندرونی معاشی صورتحال پر بھی تحفظات کا اظہار کیا ہے۔ سروے کے نتائج بتاتے ہیں کہ مہنگائی، روزگار کی فراہمی، تارکین وطن سے متعلق قوانین اور تجارتی محصولات کی پالیسیوں پر عوام سخت نالاں ہیں۔ خاص طور پر بڑھتی ہوئی مہنگائی کے معاملے پر اکہتر فیصد افراد نے حکومتی کارکردگی کو ناقص قرار دیا ہے۔ تشویشناک امر یہ ہے کہ 2024 کے انتخابات میں صدر ٹرمپ کو ووٹ دینے والے سترہ فیصد ووٹرز اب اپنے سابقہ فیصلے پر پچھتاوے اور تحفظات کا اظہار کر رہے ہیں جس سے مستقبل کے سیاسی منظر نامے میں صدر کے لیے مشکلات بڑھتی نظر آتی ہیں۔

 

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here