ہیوسٹن کی کمیونٹی صدموں کی شکار!!!

0
10
شمیم سیّد
شمیم سیّد

اس ہفتہ ہیوسٹن میں ایک کے بعد ایک بُری خبر نے ہیوسٹن کی کمیونٹی کو ہلا کر رکھ دیا ہر جگہ یہی تذکرہ ہو رہا تھا کہ پولیس نے بارہ گولیاں مار کر ایک نوجوان کو ہلاک کر دیا۔ فی الحال ہلاکت کی وجہ معلوم نہیں ہو سکی جب رپورٹ آئیگی اس وقت معلوم ہوگا کہ پولیس نے کس وجہ سے کارروائی کی تھی۔ پاکستانی شہزاد غازیانی کی عمر 49 سال تھی ایک بیٹا اور ایک بیٹی جن کی عمر 9 اور 10 سال ہے مرحوم نے سوگوار چھوڑے ہیں، بڑی تعداد میں کمیونٹی نے نماز جنازہ میں شرکت کی۔ اللہ تعالیٰ مرحوم کی مغفرت فرمائے۔ آمین۔ دوسری بڑی خبر یہ مل رہی تھی کہ ایک 18 سالہ نوجوان کو گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا، نوجوان کا نام عماد صدیقی تھا اور اس کی عمر 18 سال تھی اس نوجوان کی ہلاکت کی خبر کے علاوہ بڑی خبر جو چل رہی تھی وہ یہ تھی کہ عماد صدیقی امریکن جیل میں قید ڈاکٹر عافیہ صدیقی کا بھتیجہ تھا اس لئے لوگوں کو زیادہ تشویش تھی۔ مقتول کے والد محمد علی صدیقی ڈاکٹر عافیہ صدیقی کے بھائی بتائے جاتے ہیں اسی وجہ سے آج نماز جنازہ میں جو کہ صابرین مسجد میں ادا کی گئی لوگوں کی بہت بڑی تعداد نے شرکت کی۔ نوجوانوں کی بھی بہت بڑی تعداد وہاں موجود تھی۔ ہر آنکھ اشکبار تھی جو اطلاعات ملی ہیں عماد صدیقی ٹیکساس کے شہر ایلون میں اپنے دوستوں کیساتھ ایک گیس سٹیشن پر گاڑی کی ڈیل کرنے گیا تھا رات کو ساڑھے دس بجے وہاں پر کچھ جھگڑا ہوا اور گاڑی چھیننے کی کوشش کی گئی اور مزاحمت پر عماد صدیقی کو گولی مار دی گئی، عماد صدیقی کیساتھ ان کے دوست بھی تھے جو اسپینش تھے۔ پولیس تلاش جاری رکھے ہوئے ہے اور جلد ہی ملزمان کو گرفتار کر لیا جائیگا۔ ہماری کمیونٹی میں یہ دوسرا واقعہ ہوا ہے گاڑی چھیننے کا اس سے پہلے بھی قتل ہوا تھا، سب سے پہلے ہماری کمیونٹی کو چاہیے کہ اپنی اولادوں کو اگر وہ کوئی ایسا کاروبار کر رہے ہیں تو وہ کوئی بھی چیز وہ چاہے فون ہو یا گاڑی ہو کسی دوسرے مقام پر خریدنے یا بیچنے نہ جائیں جب تک ان کو یہ نہ معلوم ہو کہ جہاں وہ جا رہے ہیں وہ جگہ محفوظ بھی ہے یا نہیں۔ ورنہ وہ کسی ایسی جگہ پر بلائیں جہا پر کیمرے موجود ہوں پولیس اسٹیشن کے پاس بلائیں یا اپنی اگر ڈیلر شپ ہے تو وہاں بلائیں تاکہ وہ کسی بڑے حادثے سے بچ سکیں۔ یہ شعور بیدار ہونا چاہیے نماز جنازہ مسجد صابرین میں ادا کی گئی اور اس موقع پر آئی ایس جی ایچ کے صدر نے عمران غازی نے مقتول کی فیملی سے اپنے دلی صدمے اور پوری مسلمان کمیونٹی کی جانب سے دلی ہمدردی اور مرحوم کیلئے دعائے مغفرت فرمائی، ہماری بھی اللہ تعالیٰ سے یہ دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کے درجات بلند کرے اور جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطاء فرمائے اور لواحقین کو صبر جمیل عطاء فرمائے۔
٭٭٭

 

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here